مذاکرات ہی جموں وکشمیر کو موجودہ بحران کاحل: خورشید عالم

 سری نگر//پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق قانون سازیہ ممبر محمد خورشید عالم نے کہا ہے کہ جب سے جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ ہٹایا گیا اور اسے یونین ٹیریٹری بنایاگیاہے ، تب سے حکومت اور جموں وکشمیر کے عوام کے درمیان خلیج بڑھ گئی ہے۔ کے این ایس کے مطابق خورشید عالم نے کہا کہ ’جموںوکشمیر میں حکمرانی یکطرفہ گلی بن چکی ہے اور یکطرفہ فیصلے لینا اسکی علامت بن چکی ہے، مرکزی حکومت نے دفعہ 370کے خاتمہ کے وقت جو دعوے کئے تھے، ان کے برعکس زمینی سطح پر صورتحال صرف بدترین بن گئی ہے جبکہ لوگوں اور حکومت کے مابین رابطے  معدوم ہوچکے ہیں‘‘۔ انہوںنے زور دیا کہ مشکلات کو کم کرنے کیلئے حکومت کو اعتماد سازی سے متعلق اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور جموںو کشمیر کے لوگوں میں اعتماد بڑھایاجائے۔ خورشید عالم نے کہاکہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ نتائج پر مبنی مذاکرات کے ذریعہ ہی جموںوکشمیر کو موجودہ بحران سے نکالاجاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’’ریاست انتظامی سطح پرجیسے مفلوج ہوگئی ہے اورحکومت چلانے کیلئے جمہوری ڈھانچے کے آثار نہیں ہیں، غیر مقامی افسروں کے ذریعہ کام کاج چلایا جارہا ہے جبکہ کچھ عرصہ قبل منتخب کئے گئے ڈی ڈی سی  ممبران کو پشت بہ دیوار کیاگیا ہے۔ خورشید عالم نے کہاکہ نہ صرف جموںو کشمیر کے لوگوں بلکہ ملک کے لوگوںسے کئے گئے وعدوںکو موجودہ حکومت کو عملی جامہ پہنانا چاہئے ۔