مجھ سے جو رابطہ نبیؐ کا ہے
میں خدا کا خدا نبیؐ کا ہے
ایک معبود ایک ہی مصحف
ایک ہی راستہ نبیؐ کا ہے
ہونٹ بھیگے ہوئے ہیں خوشبو میں
جابہ جا تذکرہ نبیؐ کا ہے
چاند بن کر چمک رہا ہے جو
ہو نہ ہو نقشِ پا نبیؐ کا ہے
بخشوائیں گے سب گناہوں کو
حشر میں آسرا نبیؐ کا ہے
عرش پر خود خدا نے دی دعوت
واہ کیا مرتبہ نبیؐ کا ہے
کفِ اقدس پہ بول اُٹھے کنکر
یہ بھی اک معجزہ نبیؐ کا ہے
میں خدا کو تلاش کرتا ہوں
پاس میرے پتا نبیؐ کا ہے
ہمدم کاشمیری
موبائل نمبر؛7780937221, 9797135705
اِدھر مدحتِ مصطفیؐ ہو رہی ہے
اُدھر رحمتِ کبریا ہو رہی ہے
بشیرؔ اشکِ غم سے وضو ہورہا ہے
نماز ِ محبت ادا ہو رہی ہے
نظر میں ہیں بدر الدجٰی جلوہ آرا
میری شاعری پُرضیا ہو رہی ہے
خوشا یہ حسیں ساعتیں پُر مسرت
زہے مدحِ خیر الوریٰ ہو رہی ہے
ہے شمس الضحیٰ کی تجلی کا پر تو
کہ ہر اک سحر خوش نما ہو رہی ہے
یہ رونق یہ صل علیٰ کی صدائیں
بیاں سیرتِ مصطفیؐ ہو رہی ہے
حقیقت میں نعتِ نبیؐ کا ہے صدقہ
کہ شہرت میری جا بجا ہو رہی ہے
ہے آثمؔ نبی ؐ و علی ؑ کی عنایت
میرے اوج کی انتہا ہو رہی ہے
بشیرآثمؔ کشمیری
باغبان پورہ، لال بازار حال آگرہ
9829340787