جموں//محبوبہ مفتی کی سربراہی والی مخلوط سرکار کی پہلی کارڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں سرکار کی کارکردگی اور انتظامی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں پارلیمانی امور، مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری، نائب صدر سرتاج مدنی،سابق وزیر محمد دلاور میر،اراکین پارلیمان،جگل کشور، تھپسن چیوانگ، شمشیر سنگھ منہاس، ترلوک سنگھ باجوا اور ڈاکٹر نریندر سنگھ نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ کیسے دونوں جماعتوں کے ما بین بہتر تال میل پیدا کیا جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے شرکا نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ تمام وزراء سے کہا جائیگا کہ وہ زمینی سطح پر کام کریں اور پارٹی ورکروں کے معاملات کو حل کریں،اس بات پر بھی غور ہوا کہ کیسے ایجنڈا آف الائنس پر عملدر آمد کیا جاسکے گا۔محبوبہ مفتی کی سربراہی والی موجودہ مخلوط سرکار کی یہ پہلی کارڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ تھی۔پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ کارڈی نیشن کمیٹی نے حکومت کی کارکردی اور انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔انکا کہنا تھا’’ ہم نے بہتر کارڈی نیشن کیلئے تمام معاملات کو زیر بحث لایا‘‘۔بھاجپا کے جگل کشور نے کہا’’ ہم نے اس بات پر تبادلہ کیا کہ کس طرح دونوں جماعتوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کیا جاسکے،ہم نے اس بات پربھی غور کیا کہ ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے کس طرح وزراء آپسی تال میل سے کام کرسکیں‘‘۔2015میں جب مفتی محمد سعید کی حکومت بنی تو10اراکین پر مشتمل کارڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی تھی۔لیکن انکی وفات کے بعد کوئی بھی میٹنگ منعقد نہیں ہوئی کیونکہ نئی کارڈی نیشن کمیٹی کے اراکین کی نامزدگی نہیں ہوئی تھی۔