جموں //نیشنل کانفرنس نے ایک بار پھر اسمبلی چنائو کے دوران کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جموں و کشمیر جیسی ریاست کیلئے ’کولیشن کلچر‘ موزوں نہیں اور اس سے عوام کوترقی و خوشحالی اور امن و امان کے قیام میں کئی طرح کے چیلنجز کا سامنارہتاہے ۔شیر کشمیر بھون میں پارٹی لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ جموں کے صدر دیوندرسنگھ رانا نے کہاکہ ان کی جماعت کی قیادت پہلے سے ہی یہ واضح کرچکی ہے کہ نیشنل کانفرنس اقتدار کیلئے کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی ۔ان کا کہنا تھاکہ جموں ،کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو یہ احساس ہوگیاہے کہ ایک مضبوط حکومت کے بغیر مسائل کا حل نہیںہوسکتا۔رانا کاکہناتھاکہ نیشنل کانفرنس ترقی ، امن ، خوشحالی اور روزگار کے ایجنڈے کے ساتھ لوگوں کے پاس جائے گی اور ساتھ ہی ریاست کے خصوصی تشخص کا تحفظ جبکہ تمام خطوں کے جذبات کی ترجمانی کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ علاقائی خود مختاری واحد حل ہے جس سے لوگوںکو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں اور ان کے جذبات کی ترجمانی ہوگی ۔رانا نے کہاکہ نیشنل کانفرنس دفعہ 370اوردفعہ 35اے کے تحفظ کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہے اور آئین کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیںہونے دی جائیں گی ۔رانا نے کہاکہ ریاست کے تمام لوگ مذہب و ملت سے بالاتر ہوکر آئینی ضمانتوں کے تحفظ کیلئے متحد ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سابق وزیر اجے کمار سدھوترہ نے کہاکہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں جو صرف نیشنل کانفرنس ہی لاسکتی ہے ۔پارٹی کے ریاستی سیکریٹری ٹھاکر رچھپال سنگھ نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ مزید متحرک ہوکر پارٹی کے ایجنڈے کو گھر گھر پہنچائیں ۔اجلاس میں ریاستی سیکریٹری رتن لعل گپتا، شیخ بشیر احمد، ٹھاکر کشمیرا سنگھ، بابو رام پال ، ملک غلام حیدر ، ڈاکٹر کمل اروڑہ ، قاضی جلال الدین ، پریم ساگر عزیز ، ڈاکٹر گگن بھگت، بملا لتھرا، سوارن لتا، اعجاز جان ، وجے لکشمی دتا، گردیپ سنگھ ساسن ، جگل مہاجن ، ستونت کور ،دھرم ویر سنگھ ، عبدالغنی تیلی ، وجے لوچھن ، دیوندرسنگھ ، دلشاد ملک ، مہندر گپتا، اجیت کمار ، کے کے بخشی اور نریش بٹو بھی موجو دتھے ۔