جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی حکومت کے تین سال مکمل ہونے کے سلسلے میں 11 مارچ کو یہاں ایک ریلی کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر ست شرما نے کہا کہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت نے اپنے تین سال کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں اور اس سلسلے میں 11 مارچ کو یہاں دسہرہ گراؤنڈ میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ مسٹر شرما نے جمعہ کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’بی جے پی پی ڈی پی مخلوط حکومت کے تین سال یکم مارچ کو پورے ہوگئے ہیں۔ اسی سلسلے میں پارٹی کی طرف سے 11 مارچ کو ایک جن سبھا ہورہی ہے۔ گذشتہ تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ اگر ہم ان تین برسوں کا نیشنل کانفرنس اور کانگریس مخلوط حکومت کے تین برسوں کے ساتھ موازنہ کریں تو ہمارے دور حکومت کے تین برسوں کے دوران غیرمعمولی ترقی ہوئی ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ریلی کا سلوگن ’تین سال بے مثال‘ ہوگا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلی میں کارکنوں کی بھاری شرکت متوقع ہے۔ اس میں بی جے پی کی مرکزی و ریاستی لیڈرشپ بھی شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا’وزیراعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، قومی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) رام لال، بی جے پی ممبران پارلیمنٹ، وزراء اور ممبران اس ریلی میں شرکت کریں گے‘۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلی میں کارکنوں کو پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت کی جانب سے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی جانکاری دی جائے گی۔