جموں//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ پارٹی نے جموں کے عوامی فتویٰ کا احترام کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت تشکیل دی تھی تا کہ ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ ریاست کی ہمہ گیر ترقی ، خوشحالی اور بھائی چارے کی خواہاں رہی ہے ۔ سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے اراکین قانون سازیہ اور زونل صدور سے کطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار کے دوران پی ڈی پی نے جہاں یکساں ترقی کو یقینی بنایا وہیں اس بات کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا کہ ریاست کے تینوں خطوں کے مابین کسی قسم کی خلیج پیداہو۔ سابق مخلوط حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر نے کہا کہ ریاست کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، تعلیم، دیہی ترقی، شاہراہوں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، کالج و ہوسٹلوں کا قیام، کلسٹر یونیورسٹی، خواتین کو سٹیمپ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دینا اور تینوں خطوں میں کھیل کود سرگرمیوں کا فروغ شامل ہے ۔پارٹی کے سیکولر ڈھانچے کو مزید مستحکم بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ریاست کے سیکولر تانے بانے کو بحال رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی اور کسی کو بھی حالات کو فرقہ وارانہ کشیدگی میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی ۔اس موقعہ پر ایم ایل سی سریندر چودھری، فقیر چند، چودھری حمید، رشید ملک، دیپک ہانڈہ، امریک سنگھ رین، رمیش کول ،فلیل سنگھ ، وید مہاجن، دھمن بھسین ، ستپال چاڑک، نریندر سنگھ رینا، سردار سریندر سنگھ، راجندر سنگھ منہاس، رمیش سنگھ سلاتھیا، وجے ڈوگرہ، سرجیت کول اور دیگران بھی موجود تھے۔