جموں// پیرنٹس ایسوسی ایشن جموں نے زائد فیس وصول کرنے اور والدین کو منتخب دکانوں سے کتابیں خریدنے پر مجبور کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔ صدرپیرنٹس ایسوسی ایشن جموں امیت کپور نے بتایا’’ہم نے یہ مسئلہ پچھلے ایک ہفتے اٹھایا۔ تاہمڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے ان پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جو حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں”۔کپور نے کہا کہ “والدین ہم سے رابطہ کرتے ہیں اور ہم نے بھی متعلقہ حکام کے سامنے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ تاہم، آنے والے احکامات کے اجراء کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی‘‘۔انہوں نے کہا کہ والدین میں ان کے دباؤ اور ناراضگی کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے 6 اپریل کو احکامات جاری کئے تھے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں نے بھی والدین سے زائد فیسیں وصول کی ہیں اور آپ سوشل میڈیا پر والدین کے تحفظات دیکھ سکتے ہیں۔انکاکہناتھا”این سی ای آر ٹی کی کتابیں 6ویں سے 12ویں جماعت کے لیے تجویز کی گئی ہیں، لیکن یہ پرائیویٹ سکول اس کی بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ سکولوں کے بتائے ہوئے دکاندار کتابوں کا مناسب سیٹ دیتے ہیں۔ حکومتی احکامات کے باوجود، کچھ ممتاز نجی سکول مبینہ طور پر اپنے احاطے میں کتابیں فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے محکمہ تعلیم کی ایپ کا بھی مذاق اڑایا جو ان کے مطابق اس مقصد کے لیے کام نہیں کرتی جسے یہ بنایا گیا تھا۔کپور نے ڈی ایس ای جے کی ٹیلی کونسلنگ ہیلپ لائن پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ 6 اپریل کو ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن، جموں نے تسلیم شدہ غیر امداد یافتہ پرائیویٹ سکولوں سے ٹیوشن فیس وصول کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔سرکلر میں پرائیویٹ اسکولوں کو مخصوص دکانوں سے خریداری کو لازمی قرار دینے، ٹیوشن فیس سے زائد اضافی فیسیں عائد کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں روی شنکر نے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف ایک مخصوص دکان سے نصابی کتب، سٹیشنری کی اشیاء اور سکول یونیفارم کی خریداری کی شکایات کے حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “اس طرح کے طرز عمل والدین کے لیے مالی طور پر بوجھ بنتے ہوئے دیکھے گئے ہیں، خاص طور پر جب وہ کتابیں خریدتے ہیں جو بورڈ کی طرف سے تجویز نہیں کی گئی ہیں جس سے اسکول منسلک ہے،” آرڈر میں کہا گیا ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے طرز عمل حکومت کی طرف سے جاری کردہ اخلاقی رہنما خطوط کے خلاف ہیں اور نجی اسکولوں کو اپنی ویب سائٹ کے ذریعے مضامین کی فہرست اور الحاق شدہ بورڈ کے ذریعہ تجویز کردہ کتابوں کو مطلع کرنا چاہیے۔ پرائیویٹ اسکولوں کو کسی بھی مضمون یا کتاب کو لازمی قرار دینے کی اجازت نہیں ہے اور وہ والدین کو کسی خاص بک شاپ سے کتابیں خریدنے کے لیے نہیں کہہ سکتے۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے “یہ ایک بار پھر تمام نجی تسلیم شدہ سکولوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ والدین کو کسی خاص دکان سے کتابیں/یونیفارم خریدنے اور اس میں کتابوں کی تبدیلی کے لیے مجبور کرنے سے باز رہیں۔ کتابوں/یونیفارم کی خریداری کے لیے اسے کھلے بازار میں دستیاب کرایا جائے، اگر ان ہدایات سے کوئی انحراف دیکھا گیا تو اسے سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور قانون کی ان دفعات کے مطابق کارروائی کی جائے گی جس میں دیگر باتوں کے ساتھ ساتھ سکولوں کارجسٹریشن / این او سی بھی واپس لیناشامل ہے‘‘۔تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے، ڈی ایس ای جے نے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسرز/ زونل ایجوکیشن آفیسرز کی سربراہی میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیں جو پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے کتابوں/ یونیفارم کی فروخت یا والدین پر کسی خاص دکان سے خریداری کے لیے دباؤ ڈالنے سے متعلق شکایات کی تصدیق کریں۔ ہدایات سے کسی بھی انحراف کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا، اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس میں اسکولوں کی شناخت ختم کرنا یا این او سی واپس لینا شامل ہوسکتا ہے۔
کتب فروشوں اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان
ساز باز ختم کرنے کیلئے ایل جی انتظامیہ مداخلت کرے:وپل بالی
جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ صوبائی صدر جموں وپل بالی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے جموں میں نجی تعلیمی اداروں کی لوٹ کھسوٹ پر روک لگانے کے لئے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں بالی نے کہاکہ نجی تعلیمی ادارے بچوں کے لئے چند چیدہ دکانوں سے مہنگی کتابیں خریدنے کے لئے والدین کو مجبور کر رہے ہیں جس سے اْن کے جیب پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کتب فروشوں اور اسکولوں کے درمیان سانٹھ گانٹھ کی وجہ سے کتابیں اور اسٹیشنری آئٹم مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ والدین کو وردی، کتابیں اور دیگر اسٹیشنری اسکول انتظامیہ کی من پسند دکانوں سے خریدنے پر مجبور کیاجارہا ہے جوکہ نا انصافی اور زیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بار ہایہ معاملہ اْجاگر کئے جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کوئی نوٹس نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہاکہ کسی خاص دکان سے کتابیں ودیگر سامان خریدنے پر والدین کو مجبور کرنے والے اسکول کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی پر پھر دیگر تعلیمی ادارے اِس سے باز رہیں گے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے اِس کیخلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہاکہ اسکول انتہائی کاروباری بن چکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے ہدایات کے باوجود بہت زیادہ داخلہ فیس وصول کی جارہی ہے۔ والدین نجی اسکولوں کے کہنے پر ہرکچھ کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور اِس لوٹ کھسوٹ کو بند کرنے کے لئے کارروائی کی جائے اور والدین کے مسائل کو حل کریں۔