مختلف سیاحتی خدمات کیلئے نئے نرخ نامے جاری

سرینگر// محکمہ سیاحت کشمیر نے تسلیم شدہ سیاحتی تاجروں کی طرف سے سیاحوں کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور وادی کے مختلف سیاحتی مقامات پر کی جانے والی سرگرمیوں کے نرخوں کو مطلع کیا ہے۔اس سلسلے میں جموں کشمیر رجسٹریشن آف ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978/82/2011 کے تحت ایس آر ائو198 محررہ8جون کو جاری  نوٹیفکیشن کے تحت ڈائریکٹر، سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اس نرخ نامے کو جاری کیا۔یہ شرحیں سال 2021-22 اور 2022-2023 کے لیے مطلع کر دی گئی ہیں۔سیاحتی خدمات جن کے نرخ طے تبدیل کئے گئے ہیں ان میں ٹورسٹ گائیڈز، سکی گائیڈز، کوہ پیمائی و مم جوئی گائیڈز، سلیجز، سکی آلات، آئس سکیٹنگ، آئس سکیٹنگ کا سامان، رافٹنگ، سائیکل سواری،زوربنگ، ہائیڈرو زوربنگ، سنو موبائل، اے ٹی وی، موٹر بائیکنگ، پیراگلائیڈنگ، موٹر بوٹس، نہانے والی کشتیاں، اونچائی پر ٹریکنگ کیلئے مزدور،ہیلپر،پورٹر، فلیٹ واٹر رافٹنگ بوٹنگ، پیڈل بوٹ رائیڈنگ، بنجی ٹرامپولین، میکنیکل میڈ بل، گالف کارٹ سواری، زپ لائن، ہاٹ ایئر بیلون ، سونمرگ میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں،، نگین اور مانسبل جھیلوں میں کشتیوں میں مختلف وقت کیلئے سواری، مختلف وقت کیلئے گھوڑوں کی سواری اور گلمرگ، پہلگام، سونمرگ، یوس مرگ، دودھ پتھری اور اہر بل سمیت مختلف  راستوں پر مختلف قسم کی فوٹو گرافی اور دیگر متعلقہ خدمات شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق ان خدمات کی شرحیں جو کہ اس وقت موجود ہیں 31 مارچ 2022  تک کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اوریکم اپریل 2022 سے 31 مارچ 2023 تک 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔محکمہ نے سیاحوں اور ان خدمات سے استفادہ کرنے والے سیلانیوںسے اپیل کی ہے کہ وہ مطلع شدہ نرخوں سے زیادہ ادائیگی نہ کریں اور اگر نرخ زیادہ وصول کئے جائیں تو اس کی اطلاع محکمہ کو ضابطے کیلئے دی جائے گی۔