سرینگر/ حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے مختلف جیلوں کے اندرمحبوس کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں تمام مسلمہ اخلاقی ، جمہوری اور انسانی قدروں حتیٰ کہ قانونی پہلوئوں کو بھی بالکل نظر انداز کرکے ان قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ برتائو روا رکھا جارہا ہے ۔مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا'' جرم بے گناہی کی پاداش میں ان قیدیوں کو ان عدالتی احکامات جن کے تحت ان لوگوں کو اپنے گھروں کے نزدیکی جیلوں میں رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں ،کو نظر انداز کرکے اپنے گھروں سے دور اس تپتی اور جھلستی گرمی میں کورٹ بلوال ، جموں، کٹھوعہ، راجستھان، ہریانہ اور دلی کے تہاڑ جیل میں اذیت ناک حالت میں رکھا گیا ہے جہاں بیشتر قیدی شدید بیمار ہو گئے'' ۔
میرواعظ نے علمی برادری ،خصوصاً انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے حقوق انسانی سے اپیل کی کہ وہ ان جیلوں کا دورہ کرکے کشمیری قیدیوں کی حالت زار کا جائزہ لیں۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان قیدیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے حقوق انسانی ادارے کی رپورٹ پر عمل کیا جائے جس میں کہا گیا ہے کہ کس طرح کشمیری سیاسی قیدیوں کو ٹارچر کیا جارہاہے ۔