پونچھ میں ریت بجری مافیا سر گرم
پلوں کو خطرات کے پیش نظرعوامی وفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع میں دریائوں سے ریت بجری نکالے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔خصوصی طور پر سرنکوٹ، منڈی، چنڈک، شیر کشمیر پل، بیتاڑ نالہ پل ، کلائی نالہ پل اور دیگر پلوں کے بالکل نیچے سے ریت اور بجری نکال کران پلوں کو شدید نقصان پہنچایاجا رہا ہے۔اگرچہ سرکار کی جانب سے پلوں سے دو سو میٹر دور تک ریت اور بجری نکالنے پر پابندی ہے لیکن ریت بجری مافیا پلوں کے قریب سے ہی نہیں بلکہ پلوں کے نیچے سے بھی بجری اور ریت نکالنے میں سر گرم عمل ہے جس پر کوئی روک ٹوک نہیں ۔پلوں کو خطرات کے پیش نظرعوامی وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے ملاقی ہواجس کی قیادت نیشنل پنتھرز پارٹی کے ضلع صدر اشفاق احمد رانا کررہے تھے ۔وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر کو بتایاکہ دریائوں پر جتنے بھی پل بنے ہیں ،ان کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور ریت بجر مافیا کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے وفد کو بغور سننے کے بعد یقین دلایاکہ اس سلسلے میں کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں لوگوں کو بھی انتظامیہ کو تعاون دیناچاہئے ۔
سنی یوتھ کا منڈی میں اجلاس
میلاد اجتماعات میں شرکت کی اپیل
عظمیٰ نیوز
منڈی//سنی یوتھ ضلع پونچھ کی طرف سے منڈی میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت سنی یوتھ کے ضلع صدر پرویز احمد ملک نے کی ۔اس موقہ پر سنی یوتھ کے ضلع جنرل سیکریٹری عمران میر نے ضلع پونچھ کے تمام فرزندان توحید سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یکم ربیع الاول تا بارہ ربیع الاول ضلع پونچھ کی تمام جامع مساجد میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ؐکی ولادت کے حوالے سے محافل کا اہتمام عمل میں لایا جارہاہے اوربارہ ربیع الاول کو منڈی ،پونچھ ،مینڈھر اور سرنکوٹ میں جلوس نکالے جائیںگے جن میں برھ چڑھ کر شرکت کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فرزندان توحید ان تمام پروگراموں میں شرکت کر کے غلامی مصطفی ؐ کا ثبوت پیش کریں ۔ پرویز احمد نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کوہر جگہ تیل خاکی ،راشن ،بالن ،رسوئی گیس ،بجلی ،پانی اور دوسری اشیاء خوردنی کے علاوہ تمام علاقوں میں صفائی ستھرائی کا انتظام کرناچاہئے ۔ انہوںنے بھی لوگوںسے میلاد پروگراموں میں شرکت کی اپیل کی ۔
انتظامیہ نے ربیع الاول انتظامات کا جائزہ لیا
عشرت بٹ
منڈی// تحصیل کمپلیکس منڈی میں انچارج تحصیلدار منڈی سید عابد حسین صفوی کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انتظامیہ کے افسران اور معززین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بارہ ربیع الاول کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیاگیا۔لوگوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ جشنِ میلادالنبی ؐکے تحت برآمد ہونے والے تمام جلوسوں اور محافل میں تحصیل انتظامیہ کی جانب سے بجلی ،پانی، سڑکوں کی مرمّت، نالیوں کی صفائی اور حفاظت کے تمام انتظامات کو یقینی بنایاجائے گا۔انچارج تحصیلدار نے کہا کہ تحصیل منڈی کے تمام آفیسران کو تحریری طور پر مطلع کیا گیا ہے، نیز انتظامیہ اس حوالے سے بڑی حسّاس ہے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی قسم کی شکایت کا موقعہ نہیں دیاجائے گا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر غلام عباس،امیرالدین ،شمیم احمد گنائی، نجم جعفری ،اکبر علی بانڈے ،بلال احمد مخدومی، طارق منظور، فاروق احمد، شمیم انصاری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
ریڈیو اسٹیشن محلہ پونچھ میں ترقیاتی کام شروع
پونچھ //ممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرمانے محلہ ریڈیو اسٹیشن پونچھ میں ترقیاتی کاموں کی شروعات کی ۔ اس موقعہ پر انہوںنے کہاکہ پونچھ شہر کی مجموعی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی ان کا اہم ایجنڈا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سب سے زیادہ توجہ پانی کی نکاسی ، پکے راستوں، ڈرینج سہولیات اور بیت الخلاء کمپلیکس پر دی جائے گی اورسوئوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنایاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ حکومت ایسا پلان مرتب کرے گی جو سب کے فائدے کیلئے ہو اوراس سے ہر ایک طبقہ کے لوگوں کو سہولت ملے ۔ وہ حیدری مسجد کے کمیٹی ارکان کے ساتھ وارڈ نمبر دو میں تبادلہ خیال کررہے تھے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے تمام تر اقدامات کرے گی ۔
میلاد پروگراموں کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو نے مینڈھر کے افسران و معززین کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں بیوپار منڈل کے ارکان اور علماء حضرات بھی موجود تھے ۔اس دوران عید میلاد النبی ؐ کے پروگراموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ایس ڈی ایم نے افسران پر زور دیاکہ جلوسوں کے دوران بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگ بھی اس سلسلے میں اپنا تعاون دیں اور ناجائز تجاوزات ہٹانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیاجائے تاکہ سڑک کشادہ ہوسکے ۔اس موقعہ پر تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان بھی موجو دتھے ۔
سرنکوٹ میں انجمن روداد بشر کی میٹنگ منعقد
بختیار حسین
سرنکوٹ// ڈاکہ بنگلہ سرنکوٹ میں انجمن روداد بشر سرنکوٹ کی میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت انجمن کے چیئرمین محمد عزیز خان نے کی۔ اس موقعہ پرمقررین نے انتظامیہ کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرنکوٹ میں آدھار کارڈ دفتر میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے جسکی کی سربراہی تحصیلدار سرنکوٹ و ڈی ڈی سی پونچھ خود کر رہے ہیں۔انہوںنے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کے ہردفتر میں رشوت خوری کا دور دورہ ہے اور ہر ایک کام کیلئے پیسے وصول کئے جاتے ہیں ۔مقررین نے لیبر محکمہ پونچھ پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2600 کیس محکمہ کے دفتر میں دھول چاٹ رہے ہیں مگر محکمہ کا ضلع افسر لوگوں سے رشوت وصولنے تک ہی محدود ہے اورغریب و مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوںنے کہاکہ رشوت خوری سیاسی جماعتوں کے زیر نگراں ہورہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سرنکوٹ میں ہورہے کاموں کی انکوائری کرائی جائے ۔میٹنگ میںمحمد عزیز خان، ماسٹر لعل حسین،محمد اعظم خاکی، حاجی علی فراق،غلام سرور ،جاوید چوہدری وغیرہ بھی موجود تھے ۔
سرنکوٹ سے 50 کلو گرام فکی برآمد
بختیار حسین
سرنکوٹ //ایس ایس پی پونچھ راجیو بانڈے کی ہدایت پر ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ اصغر علی ملک اور ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر کی قیادت میں پولیس پارٹی سرنکوٹ نے مغل شاہراہ پر بہرام گلہ کے مقام پر ناکہ لگا کرپچاس کلو گرام فکی برآمد کی ۔ایک ٹریک زیر نمبر PB 12 M/7284 جو کہ کشمیر سے آ رہا تھا،کی تلاشی لی گئی جس کے اندر سے رکھے گئے ٹائر میں 100 فکی کے لفافے برآمد ہوئے جن کی مقدار تقریبا 50 کلو گرام بتائی جا رہی ہے۔اس ضمن میں دو افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جن کی شناخت جسدیو سنگھ ولد کرنیل سنگھ ساکنہ ناگرہ لدھیانہ پنجاب اور بلویندر خان ولد سردارا خان ساکنہ ناگرہ لدھیانہ کے طور پر ہوئی ہے ۔اس معاملے میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں کیس زیر نمبر 292/17U/S8/15 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔