جوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی ملی
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے کریوٹ علاقہ میں ایک نوجوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی ملی ۔کریوٹ گاؤں سے تعلق رکھنے والے نوجوان لعل حسین(42) عرف کالا ولد حیات محمد کی نعش اپنے گھر سے دو سو فٹ کی دوری پر ایک سبز درخت سے لٹکی ہوئی ملی ۔ جونہی اسکی اطلاع تھنہ منڈی پولیس کو ملی تواس پر ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر کرن چلوترہ دیگرساتھیوں سمیت موقعہ پر پہنچے اورنعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے اسے ضلع شفا خانہ راجوری منتقل کردیا۔ لعل حسین کی پانچ بچیاں اور دو بچے ہیں ۔پولیس نے موت کی وجہ جاننے کیلئے دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
برمی مسلمانوں کا قتل رکوانے پر زور
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ چکھڑی کے پیر امین شاہ نے کہا ہے کہ برما میں بدھ لوگوں کی طرف سے مسلمانوں پر ڈھائے جارہے ظلم و ستم کو بند کرایاجائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ آج امت مسلمہ میں برما کو لے کر جو اضطرابی کیفیت پائی جارہی ہے اور ہر جگہ مسلمانوں قتل عام ہو رہا ہے، اسے ہر گز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی کثرت کے باوجود چند گنتی کے کفار قوم مسلم کو حراساں کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ برما کی حکومت کے ساتھ مسلمانوں کے بے گناہ قتل عام پر اپنا احتجاج درج کروائے اورایسے ظالم ملک کے ساتھ تعلقات منقطع کئے جائیں ۔
رامیشور سٹون کریشریونین کے صدر نامزد
راجوری //راجوری سٹون کریشر یونین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس دوران بااتفاق رائے رامیشور سنگھ کو یونین صدر نامز کیا گیا ۔ اس موقعہ پر رامیشور سنگھ نے بتایا کہ سٹون کریشر مالکان کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ان کے ازالے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کریشر مالکان دن رات محنت ومشقت کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ان توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریںگے جو ان سے وابستہ کی گئی ہیں ۔مقامی لوگوںاویناش جسیال ودیگران نے رامیشور سنگھ کو سٹون کریشر یونین صدر نامزدہونے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
مینڈھر سے سرینگر ہوائی سروس کا مطالبہ
مینڈھر// پی ڈی پی کے مینڈھر بلاک کے جنرل سیکریٹری خورشید احمد نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ راجوری اور پونچھ کی طرح مینڈھر سے سرینگر کیلئے ہوائی سروس شروع کی جائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ وہ حکومت کے شکر گزار ہیں جس نے پو نچھ اور راجو ری سے جمو ں کیلئے ہو ائی سروس شروع کرکے لو گو ں کا سفر آسان بنا دیا ہے ،اوراب اس سے لوگوں کو ایمرجنسی کے حالات میں اس سروس کا فائدہ ملے گا۔تاہم انہوںنے مانگ کی کہ اب سرکا ر مینڈھر سے سرینگر ہو ائی سروس شر و ع کرے کیونکہ خطہ پیر پنجال کے لو گو ں کا سرینگر آنا جا نارہتا ہے اور ہز اروں کی تعداد میں ملا زمین نو کر ی بھی کشمیر میں کر تے ہیں جبکہ سینکڑو ں کی تعداد میںطلباء وہاں زیر تعلیم ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان لوگوں کو سردیوں کے موسم میں سرینگر آنے جانے میں بہت ہی تکلیف اٹھاناپڑتی ہے اس لئے مینڈھر سے سرینگر کیلئے ہوائی سروس شروع کی جائے تاکہ لوگوں کا سفر آسانی سے ہوسکے ۔
محرم انتظامات کے سلسلے میں میٹنگ
جا وید اقبال
مینڈھر// محر م الحر ام کے سلسلہ میں ایس ڈی ایم مینڈھر شری راہل یا دو نے ایک میٹنگ کا انعقا د کیا جس میں تحصیل افسر ان کے علا وہ معززین نے بھی شرکت کی ۔ اس دوران ایس ڈی ایم مینڈھر نے محکمہ جات کے تمام افسر ان کو ہد ات دی کہ محر م کے مہینہ میں بجلی اورپا نی کا خاص خیال رکھاجائے اور لو گو ں کو کسی بھی قسم کی کو ئی پر یشانی نہیں ہو نی چاہئے ۔ انہو ں نے کہا کہ مینڈھر کے کئی علا قوں گو رسائی، پٹھا نہ تر ، سلواہ ، گو ہلد ، رہلا ں گو ہلد اور سنگا لہ میںمجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیاجاتاہے جہاں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ اس دوران انہو ں نے ٹی ایس او راشن دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے کہاکہ تمام افسران بھرپور تعاون کریں تاکہ کئی پریشانی نہ ہو ۔
مسائل حل نہ ہوئے
پی ڈی پی ورکر سرکار سے خفا
منیر خان
راجوری //ڈاک بنگلہ راجوری میں پی ڈی پی کے یک روزہ کنونشن میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔اس دوران کچھ ایسے ورکران بھی شامل تھے جو مسائل حل نہ ہونے پر پارٹی اور حکومت سے خفا نظر آئے ۔کوٹرنکہ کے موہڑہ گاؤں سے آئے ہوئے بزرگ شخص منشی خان نے بتایاکہ ان کے گاؤں میں پینے کا پانی کوسوں تک نہیں ملتا اور سڑک کی حالت بھی قابل رحم ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ پیدل چلنے پر مجبور ہیں ،ہر بار انہیں یقین دلایا جاتا ہے کہ اس بار بجلی، پانی اور سڑک کے مسائل حل کئے جائیںگے مگر ان یقین دہانیوں پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ محمد بشیر ولد فیروز دین ساکنہ نڈیالہ نے بتایا کہ پانی کی سب سے زیادہ مشکلات انہیں اٹھانی پڑرہی ہے ،لوگ پینے کے پانی کے لئے سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں لیکن تین سال گزر جانے کے باوجود اب تک انہیں پینے کا پانی نہیں ملا ۔انہوںنے کہاکہ آج انہیں جلسے میں مسائل حل کرانے کایقین دلاکر لایاگیاہے ۔نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے میر محمد ولد محمد علی کاکہناہے کہ انہیں بھی پانی اور بجلی کی وجہ سے مشکلات کاسامناہے ، اس بار چند بجلی کھمبے گاؤں میں لاکر ڈال دیئے گئے لیکن آگے کام نہیںہوا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وقت پر راشن بھی نہیں ملتا۔ میر محمد نے کہا کہ آ ج وہ اسلئے یہاں آئے کہ وہ اپنی مشکلات چودھری ذوالفقار کے سامنے رکھیںگے لیکن انہیں ان تک جانے ہی نہیں دیاگیا۔پی ڈی پی کارکنان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کرے۔
سی پی ورکر 39ماہ سے تنخواہوںسے محروم
بختیار حسین
سرنکوٹ// محکمہ پی ایچ ای کے سی پی ورکروں کاکہناہے کہ انہیں پچھلے 39 ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ بھکمری کاشکار ہورہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ ان کے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے اور گھریلوکام کاج بری طرح سے متاثر ہے ،نوبت بھیک مانگنے تک پہنچ چکی ہے۔ عبدالصمد، شفیق ملک، راجندر کمار، محمد حسین ،لعل حسین ،محمد صدیق، ارشاد احمد، افتخار حسین، محمد آسمان، مشتاق احمد، شکیل احمد، اخلاق احمد، محمد عارف چوہدری ،محمد رشید چوہدری ،عارف حسین شاہ وغیرہ نے کہاکہ کوئی دوکاندار انہیں ادھار دینے کیلئے تیار نہیں کیونکہ وہ پہلے سے ہی مقروض بنے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کئی حکومتیں آئیں اور چلی گئیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ان کاکہناہے کہ ان سے کام دوگنا لیاجاتاہے لیکن تنخواہ کے وقت سب خاموش ہوجاتے ہیں اور پینتالیس سو روپے ماہانہ ملنے والی معمولی سی تنخواہ بھی پچھلے 39 ماہ سے نہیں ملی ۔انہوںنے حکومت اور وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو سے اپیل کی ہے کہ ان کو تنخواہ دی جائے اور ساتھ ہی مستقل کیاجائے ۔
ناکھاں والی سڑک پر ٹریفک جام روز انہ کا معمول
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ قصبہ کی سب سے مصروف ترین ناکھاں والی سڑک پر ہر روز ٹریفک جام لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے اس طرف سے گزرنے والی گاڑیوں کے مالکان اور پیدل چلنے والے عوام سخت ترین پریشانیوں سے دو چار ہو جاتے ہیں۔ یہ سڑک جس پر سے ہو کر لوگ ضلع عدالت، ضلع ہسپتال پونچھ، سی ای او آفس پونچھ ،صدر بازار پونچھ، ڈاک خانہ پونچھ، جامع ضیاء العلوم اور اسکولی طلبہ و طالبات اپنے اپنے اسکول جاتے ہیں،کوٹریفک جام کی وجہ سے کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اس سڑک کے ساتھ والے دکانداروں کو سخت تجارتی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ایک دوکاندار حکیم الدین نے کہا کہ محکمہ ٹریفک اپنی ذمہ داری نہیں نبھاتا۔انہوں نے ARTOپونچھ پر الزام لگایا کہ وہ کبھی بھی اس طرف نہیں آتے اور نہ ہی اس سڑک پر لگنے والے جام کے حوالے سے کسی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی گاڑیوں کے رش کی وجہ سے لوگوں کے ساتھ حادثہ ہوتے ہوتے رہ جاتا ہے ۔انہوں نے کہاں کہ ان کے سامنے کئی بار ٹریفک جام کی وجہ سے بچے اور بزرگ گر کر یا گاڑیوں کے ساتھ ٹکراکر زخمی ہوئے۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ ٹریفک جام پر قابو پانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے۔
چوہدری اکرم کا کارکنا ن کیساتھ اجلاس
بختیار حسین
سرنکوٹ//ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ممبر اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم نے پارٹی کارکنان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ پارٹی کی جانب سے تین بلاکوں کیلئے بلاک صدور منتخب کرنے ہیں اور جلد ہی بلاک بفلیاز، بلاک سرنکوٹ اور بلاک لسانہ میں سے بلاک صدور کو منتخب ہوں گے۔اجلاس میں موجود تمام ممبران نے متفقہ رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کانگریس پارٹی پر پورا بھروسہ ہے اور پارٹی کی جانب سے جو بھی فیصلہ لیا جائے گا ،اس پر تمام کارکنان متفق ہوں گے۔محمد اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں نے ان پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں خدمت کرنے کا موقعہ دیا ہے اور وہ ان کی امیدوں پر کھرا اتریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالانکہ کانگریس پارٹی اس وقت اقتدار میں نہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ عوام کے لئے ہر ممکنہ اقدام کرکے ان کے مسائل حل کریںگے ۔انہوںنے کارکنان پر زور دیاکہ وہ پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔
بخاری کا دور افتادہ علاقہ اپر درابہ کادورہ
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے دورافتادہ علاقے اپر درابہ کادورہ کیا ۔اس دوران انہوںنے مقامی لوگوں کے مسائل سنے اور ان سے نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے کی اپیل کی ۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہاں بنیادی سہولیات کافقدان ہے اور ان کے مسائل حل نہیں کئے جارہے ۔اس پر بخاری نے یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں اپنی طرف سے کوشش کریںگے ۔تاہم انہوںنے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط کریں تاکہ ان کے مسائل حل ہوسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس ہی ہر ایک علاقے اور خطے کے مسائل حل کرسکتی ہے جبکہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوتی نظر آرہی ہے ۔ اس دوران انہوںنے حالیہ عرصہ میں ہوئی اموات پر تعزیت پرسی بھی کی۔