جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈہینڈلوم اور جموں کشمیر انڈسٹریزمحکموں کے کام کاج کاایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جائزہ لیا۔محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کے بارے میںمشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کی بنیادی سطح کو مستحکم کر کے کاریگروں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے اِقدامات کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہونی چاہئے کہ کاریگروں کی پیداوار بڑھانے اور ان کی مصنوعات کی نمائش میں مدد کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں۔مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ وَبائی امراض کے پیش نظر کاریگروں کے لئے اَپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے ورچیول مواقع کے امکانات تلاش کریں۔اُنہوں نے ان سے مزید کہا کہ وہ کاریگروں کو فوری طور پر پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لئے نیشنل رورل لائیو لی ہڈ مشن کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر امکانات تلاش کریں۔اُنہوں نے شکایات کے ازالے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ضلع افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سطح پر معاملات کاحل یقینی بنائیں تاکہ شکایات کا ازالہ پوری طرح کیا جاسکے۔مشیر نے دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات کی مارکیٹنگ کو بڑھانے کے لئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ نمائشی میلوںکی تعداد میں اضافہ کریں۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گروپوں کی تشکیل دے کر مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ وہ قابل عمل یونٹ قائم کرسکیں ۔مشیر نے محکمہ سے مزید کہا کہ وہ ایک ضلع میں کام کرنے والے کاریگروں کی تعداد مرتب کریں تاکہ محکمہ کو کسی خاص دستکاری سے وابستہ کاریگروں کی تعداد کے بارے میں پتہ چل سکے۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت منوج کمار دوِیدی نے بھی اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔ مشیر کو جانکاری دی گئی کہ کاروباری افراد کو ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مارکیٹ حاصل کرنے بارے میں جانکاری دینے کے لئے پروموشنل سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔دونوں ڈویژنوں میں محکمہ کی صحت اور افعال کی فہرست کے بارے میں ایک تفصیلی پریذنٹیشن بھی پیش کی گئی ۔مشیر کو بتایا گیا کہ اُنہوں نے جموں وکشمیر کے کاریگروں کی دستکاری کی مصنوعات کی فروخت کے لئے آن لائن پورٹلوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔جے کے آئی کے بارے میںمشیر کو بتایا گیا کہ محکمہ نے تجدید نو / اسٹیبلشمنٹ کے لئے کئی یونٹوں کی نشاندہی کی ہے تاکہ خام مال سے لے کر تیار شدہ مصنوعات تک اس کو جدید بنایا جائے۔