منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کے دوردراز سرحدی علاقہ کی پنچایت اْپر راجدھانی ملا کھوڑی ناڑ میں محکمہ صحت کا سب سینٹر پچھلے دو برسوں سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے سرحدی علاقہ کے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کرایہ کے مکان میںرکھا گیا یہ سینٹر لگ بھگ دو سال پہلے یہاں پر کھولا گیا تھا مگر اس کے بعد یہ بند پڑا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی کہ سرحدی علاقہ میںمحکمہ صحت کے سب سینٹر کی خدمات کو بحال کیا جائے تا کہ آئے روز گولہ باری کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جب اس بارے میں بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمود چوہدری سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ سینٹر کھولا گیا تھا، اس وقت ایک مستقل ملازم وہاں بھیجا گیا تھا مگر اس نے محکمہ صحت کی نوکری سے استعفیٰ دیا جس کی وجہ سے یہ سینٹر بند پڑا ہواہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک کوئی مستقل ملازم کی ایڈورٹائزمنٹ ہوتی ہے،اُس وقت تک عارضی بنیاد پر یہاں کسی ملازم کو تعینات کیا جائے گا ۔