جموں //محکمہ پی ایچ ای میں بطور عارضی ملازمین اپنے خدمات انجام دینے والے ملازمین نے اپنے مانگوں پرجموں میں احتجاج کیا ۔مظاہرین نے ریاستی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اگر آئندہ ایک ہفتے تک ان کی مانگوں کو پوار نہیں کیا گیا تو وہ 14جنوری کو جموں پریس کلب میں جمع ہو کر وجے پور مارچ شروع کر ینگے اور 15 جنوری کو وجے پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی میں احتجاج کیا جائے گا ۔آل جموں و کشمیر آئی ٹی آئی ٹرینڈ سی پی ورکرز اینڈ لینڈ ڈونر ایسوسی ایشن کے صدر تنو یر حسین نے کہاکہ ریاستی حکومت نے اس سے قبل کئی مرتبہ عارضی ملازمین کی مشکلات کو حل کر نے کیلئے وعدے کئے ہیں لیکن کسی بھی وعدہ کو حل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ چار پرسوں سے ان عارضی ملازمین کو تنخواہ ہی نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ان کو شدید دقتوں کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔موصو ف نے کہاکہ اس وقت ریاست میں کل 27ہزار عارضی ملازمین محکمہ پی ایچ ای میں اپنے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ان ملازمین میں سے 16070عارضی ملازمین صوبہ جموں جبکہ 11ہزار کشمیر خطہ میں تعینات کئے گئے ہیں اور یہ ملازمین گزشتہ 20برسوں سے کام کر رہے ہیں لیکن ریاستی انتظامیہ ان کی مستقلی اور تنخواہ کے سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔مظاہرین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کو درپیش مسائل کو حل کر نے کیلئے جلداز جلد حکم جاری کریں نہیں تو آئندہ 14جنوری سے وجے پور مارچ شروع کی جائے گی ۔اس احتجاج میں سبھاش چندر ،منجیت سنگھ ،وجے کمار ،جیون سنگھ ،تلک راج ،پون کمار ودیگران بھی موجود تھے ۔