سرینگر //چلہ کلان میں موسم خشک رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں تنزلی جاری ہے اور سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ 4سے 6جنوری تک کچھ ایک علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ جمعہ کی صبح موسمیاتی سسٹم اس بات کے امکانات کو ظاہر کرتا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں تک موسم خشک ہونے کے بعد چلہ کلاں میں پہلی بار 3جنوری سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آ سکتی ہے جبکہ 5 اور6 جنوری کو کئی ایک مقامات پر درمیانہ سے بھاری برفباری ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھاری برفباری سے زمینی اور فضائیآمد و رفت میں خلل پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2اور 3جنوری کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں دور دور تک ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انکا کہنا تھا کہ 2جنوری سے دن سرد اور راتوں کے درجہ حرارت میں بہتری آئے گی۔ادھر وادی ، لہہہ اور کرگل میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ شب سرینگر شہر میں را ت کا درجہ حرارت منفی 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو اس سے قبل کی رات منفی4.0 ڈگری تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 اورپہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں منفی2.6 اورقاضی گنڈ میں منفی3.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.0 ، ضلع کرگل میں منفی10.2 اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی19.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی نئی ایڈوائزری
