جموں// جموں ضلع کی پانچ تحصیلوں میں3069 نے 25ہزار833کنال سے زائدسرکاری اراضی پر تجاوزات کرکے قبضہ کیاہواہے ۔محکمہ مال کی طرف سے سرکاری اراضی پر قبضہ کی تازہ فہرست جاری کی گئی ہے جس میں یہ تفصیل بتائی گئی ہے۔حکام نے جموں ضلع کے سنجواں اور چھنی راما کے علاقوں میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کرنے والوں کی ایک اور فہرست جاری کردی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری زمین کے 23 کنال سے زائد حصے پر زمینی سطح پر تجاوزات کی گئی ہیں لیکن انہیں محکمہ مال کے ریکارڈ میں نہیں دکھایاگیا۔اعدادوشمار کے مطابق سنجواں میں نمبردارڈنگیاں جماعت علی نے 8 کنال اراضی پر تجاوزات کیا، ایک ریٹائرڈ ڈی آئی جی نے چھنی رامامیں 3 کنال اراضی پر تجاوزات کی ہیں، ایک ریٹائرڈ ڈی ایف او نے چھنی راما میں 1 کنال سرکاری اراضی پر تجاوزات کیںجبکہ چھنی چامامیں 2 کنال اراضی پر تجاوزات کرکے ایک شو روم قائم کیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ فارسٹ آفیسر سلطان علی نے چھنی راما میں 9 کنال اراضی پر تجاوزات کیا ہے۔دریں اثنا، محکمہ نے سرکاری اراضی پر تجاوزات کرنے والوں کی ایک فہرست جاری کی ہے ۔ جموں ضلع کی چار تحصیلوں یعنی بھلوال، مائرہ مندریاں، جموں نارتھ، جموں ویسٹ اور جموں سائوتھ میں 3069 افرادکو25ہزار833کنال سے زائد اراضہ پر قابض دکھاگیاہے۔ضلع جموں کی تحصیل بھلوال میں محکمہ مال نے 1425 افراد کی ایک فہرست اپ لوڈ کی ہے جنہوں نے 15ہزار653کنال اور15مرلہ سرکاری اراضی پرتجاوزات کیا ہے۔اسی طرح جموں ضلع کے مائرہ مندریاں میں 383 کنال اور 3 مرلہ سرکاری اراضی پر تجاوزات کرنے والے 383 افراد ہیں ۔جموں نارتھ میں 664 تجاوزات کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہوں نے 2835 کنال اور 15 کنال سرکاری اراضی پر تجاوزات کی ہیں۔ محکمہ مال کے سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ زمین تجاوزات کے ذریعہ زراعت، رہائشی، تجارتی اور دیگر مقاصد کے لئے استعمال کی جارہی ہے۔جموں ویسٹ سے ملنے والی اسی طرح کی تفصیلات سے انکشاف ہوا ہے کہ 88 افراد نے 514 کنال اور 5 مرلہ سرکاری اراضی پر تجاوزات کیاہے۔جموں سائوتھ میں 854 تجاوزات کاروں نے 2961 کنال سے زیادہ اراضی پر قبضہ کیاہواہے۔