جموں//اگرچہ سابق پی ڈی پی ۔بی جے پی مخلوط حکومت نے جموں وکشمیرکے قبائلی طبقہ کے مسائل کے نپٹارے کے مقصدسے وزارت قبائلی امورکاوجودعمل میں لایاتھالیکن حکومت ختم ہونے کے بعد محکمہ قبائلی امورکی کارکردگی میںآئے روزتنزلی آئی ہے جس سے گوجربکروال طبقہ بالعموم اورطلبامیں مایوسی اورغم وغصہ پایاجاتاہے ۔ڈائریکٹوریٹ ٹرائبل افیئرز کے اہم کاموں میں ایس ٹی طلباء کوسالانہ وظائف واگزارکرناہے لیکن نامعلوم وجوہات کی وجہ سے ابھی تک بعض طلباء کاسال 2016-17 کاوظیفہ زیرالتوارکھاگیاہے اوراب انہیں وظیفہ دینے سے محکمہ مکمل طورپرانکارکررہاہے۔ذرائع کے مطابق سال 2016-17 کیلئے حکومت کی طرف سے ایس ٹی وظائف کیلئے تمام تررقومات ٹرائبل افیئرز ڈائریکٹوریٹ کومنتقل کردیے ہیں اوربیشتربچوں کاسکالرشپ دیاگیاہے لیکن کچھ ایسے طلباتھے جن کے بنک کھاتے میں درستگی کروانی مطلوب تھی ،محکمہ کی ہدایات پرطلباء نے اکائونٹ نمبرات کودرست کرایااوردیگرتمام ترمطلوبہ تفصیلات فراہم کیں لیکن اس کے باوجود ابھی تک نہ صرف اسکالرشپ واگزارنہیں کیاجارہاہے جس کی وجہ سے ایس ٹی طلبامیں تشویش پائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے طلبانے بتایاکہ جن طلباء کا اکاؤنٹ نمبر یا نام میں درستگی مطلوب تھی ان کے لیے محکمہ کی جانب سے دوبارہ تفصیل فراہم کرنے کے لئے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا تھا جس کے پیش نظر طلبا نے مقررہ مدت کے اندر مطلوب کاغذات جمع کروائے مگر اب تک اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہ کی گئی ہے۔انہوں نے مزیدبتایاکہ ڈائریکٹرٹرائبل افیئرز نے سکالرشپ نہ دینے کے لیے بھی حکمنامہ جاری کر دیاہے جوکہ طلباکے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکالرشپ کیلئے منظور شدہ رقم محکمے کے کھا تے میں جمع ہے لیکن محکمہ پیسے کوہضم کرنے کیلئے بہانے بازی کررہاہے۔انہوں نے مانگ کی کہ اگرہمارے وظائف واگزارنہ کیے گئے توہم احتجاج کاراستہ اختیارکرنے سے بھی گریزنہیں کریں گے۔