سرینگر // محکمہ فوڈ اور ڈرگ کنٹرول نے جمعرات کو نگین اورحضرتبل میں غذائی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں ، ریستوران اور ہوٹلوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے چھاپہ مار کاروائی کے دوران نگین میں ایک ریستوران کو سربمہر کردیا ہے۔ محکمہ فوڈ کے افسران نے شہر میں قصابوں ، نانوائیوں اورریستواران کے خلاف 31کیس درج کئے ہیںجنکی دکانوں میں صفائی کا فقدان پا یاگیا ہے۔ اسسٹنٹ کنٹرولر فوڈ ہلال احمد میر نے کہا ’’ حضرتبل ،نگین اوردیگر علاقوں میں غیر میعاری غذائی اشیاء فروخت کرنے کی شکایت موصول ہوئی جس کے بعد چھانہ پورہ، لالچوک ، حضرتبل ، نگین اور اسکے ملحقہ علاقوں میں پچھلے 3دنوں کے دوران صفائی و ستھرائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کیلئے مہم کا آغاز کیا ہے اور اسی مہم کے دوران منگلوار، بدھواراور جمعرات کو31دکانداروں کے خلاف کورٹ میں چالان پیش کیا گیا ہے۔