منڈی //محکمہ صحت کے ملازم غلام حسین خان محکمہ میں36 سالہ ملازمت کے بعد سبکدوش ہوگئے جن کے اعزاز میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منڈی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب میں چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی ، نائب تحصیلدار منڈی عابد حسین صفوی ، ڈاکٹر شمیم بھٹی ، بلاک میڈیکل آفیسر منڈی مشتاق حسین شاہ ، فوڈ انسپکٹر جاوید چودھری ودیگر افسران اور معززین نے شرکت کی ۔مقررین نے سبکدوش ملازم کے کام کاج کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک نیک سیرت شخص ہیں جنہوںنے اپنی ملازمت کے دوران کبھی کوتاہی نہیں کی اور ہر طرح سے مریضوں کی خدمات انجام دیتے رہے۔ڈاکٹر شمیم بھٹی نے کہا کہ موصوف نے ہمیشہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے ہسپتال میں بہترین کام انجام دیا جس کا یہ صلہ ملا ہے کہ آج عملہ سے زیادہ عام لوگ انہیں چاہتے ہیں اور ان کی الوداعی تقریب پر موجود ہیں ۔انہوںنے کہاکہ تمام ملازمین کو چاہیے کہ وہ محنت ، لگن اور حقوق العباد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔ بلاک میڈیکل آفیسر منڈی نے کہا کہ انسان کی شخصیت ہمیشہ کام سے نکھرتی ہے اور ملازم چاہے چھوٹا ہی کیوں نہ ہو لیکن اپنے کام سے تمام عملہ اور عوام کے دل میں جگہ بنائے رکھ سکتا ہے۔جاوید چودھری نے کہا کہ موصوف نے کبھی یہ سوچ نہیں رکھی کہ وہ کسی ایک کام کو ہی اپنا نصب العین بنا لے بلکہ جہاں کہیں بھی وہ اس بات کو دریافت کرتا کہ اسکی ضرورت ہے تو وہ اس کام کے لئے تیار ملتے تھے۔