سرینگر//محکمہ صحت و طبی تعلیم میں ڈائریکٹر فائنانس محمد رفیق ایمز نئی دہلی میںفوت ہوئے۔ محمد رفیق کو 25جون کو شدید فالج ہوگیاتھا اور اسے نئی دہلی AIIMSلے جایاگیا۔ محمد رفیق مصنوعی نظام تنفس (Ventilator)پر تھے اور جمعہ کو آخری سانس لی۔ اس دورانچیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ڈائریکٹر فائنانس محمد رفیق حجام کے اچانک اِنتقال پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا ۔چیف سیکرٹری نے اَپنے تعزیتی پیغام میںمرحوم محمد رفیق کومحنتی اور قابل آفیسر قرار دیا،جس نے ڈائریکٹر خزانہ صحت و طبی تعلیم محکمہ ، ڈائریکٹر فائنانس ایگری کلچر پروڈکشن اینڈ فارمرس ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور صدر ٹریجرری آفیسر سری نگر کی حیثیت سے اَپنی خدمات انجام دیں۔چیف سیکرٹری نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ہے۔کے این ایس کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے محمد رفیق کی وفات پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے انہیں ذہین، ایماندار اور باصلاحیت آفیسر قراردیا۔ انہوںنے کہا کہ محمد رفیق کی اچانک وفات سماج کیلئے ایک بڑا نقصان ہے اور وہ ہمیشہ مسکراتے ہوئے چہرے کے ساتھ ہر کسی کی مدد کرتے تھے۔ حکیم نے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔ محکمہ ناظم صحت کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے محمد رفیق کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔ ڈاکٹر مشتاق راتھر کی سربراہی میں دفتر میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹروں، اسسٹنٹ ڈائریکٹروں اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ تعزیت اجلاس میں مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی۔