محکمہ زراعت نے تھنہ منڈی میں بیداری کیمپ لگایا

  تھنہ منڈی // بلاک تھنہ منڈی کی مختلف پنچایتوں میں محکمہ زراعت کی جانب سے بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کسانوں کو سبزیوں کی وافر مقدار میں پیداوار اور اس حوالے سے مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ اس موقع پر کسانوں کو محکمہ کی جانب سے مختلف سبزیوں کی پنیری اور بیج مفت فراہم کئے گئے۔ اس موقع پر متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے عوام سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سبزیاں پیدا کریں تاکہ وہ خود بھی کھائیں اور انھیں بیچ کر اپنا روزگار بھی چلائیں۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے مختلف افسران نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مختلف سکیموں سے فائدہ حاصل کریں۔ انھوں نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ محکمہ جموں صوبہ کے مختلف سہولت کار مرکز میں اپنی پیداوار کی مارکیٹنگ میں ان کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے فصلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں بہتری لانے کے لئے جدید کاشتکاری کی تکنیک کا استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ایگریکلچر آفیسر نے کسانوں کو محکمہ جاتی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا اور کسانوں سے کہا کہ وہ مختلف سرکاری سکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر ایس ڈی اے او درہال این پی سنگھ، اے سی او سرفراز وانی، منجیت سنگھ اے ای اے، کرن کمار اے ای اے، سجاد احمد اے ای اے اور رامن گنڈوترا اے ای اے اور متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔