سرینگر//محکمہ دیہی ترقی کے اے این پی (ایپلائڈ نیوٹریشن )نے خواتین کے لئے بیداری کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بدھ کو روہامہ ، جمعرات کواڑی اورجمعہ کو شانگس بلاکوں میں ایک ایک روزہ کیمپ منعقد کئے ۔ ان تینوں کیمپوں میں مہمان خصوصی سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور مہمان خصوصی تھے جبکہ پروگراموں کی صدارت بلاک ڈیولپمنٹ افسران نے کی ۔ ان بیداری پراگرموں میں محکمہ دیہی ترقی ، محکمہ صحت اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے بھی شرکت کی ۔کیمپوں میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں جنہیں محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے خواتین پر زور دیاکہ وہ غذائیت سے بھرپور کھانے کا استعمال کریں تاکہ صحت مند زندگی گزار سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک صحت مند خاتون صحت مند بچے کو جنم دیتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ خواتین خاص کر حاملہ خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں دوائیاں کھلانے کے بجائے مقوی غذا کھلائی جائے ۔ مقررین نے کہاکہ خواتین کے بغیر معاشرے کا وجود ہی نہیں اور جہاں خواتین کو خود کفیل بنانے کی ضرورت ہے وہیں ان کی صحت پر خاص توجہ مرکوز کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت اور خاص طور پر محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے خواتین کیلئے متعدد سکیمیں اور بیداری پروگرام چلائے جارہے ہیں جن سے مستفید ہوکروہ اپنے آپ کو سماجی و اقتصادی طور پر خودکفیل بناسکتی ہیں ۔اپنے خطاب میں سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور نے کہاکہ موجودہ دور میں ایسے پروگراموں کی بہت زیادہ ضرورت ہے تاکہ خواتین کو ان کی صحت کے بارے میں بیدار کیاجاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک صحت مند خاتون صحت مند معاشرے کی علامت ہے اور خواتین کا صحت مند ہونا پورے خاندان کیلئے اہم ہے ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ کی طرف سے آئندہ بھی بلا ک سطح پرایسے پروگرام منعقد کئے جائیںگے اور دیہی خواتین میں بیداری لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے کیمپوں کا انعقاد آئندہ بھی جاری رہے گا اور یہ بات حوصلہ افزاہے کہ ان کیمپوں میں بڑی تعداد میں خواتین شرکت کررہی ہیں ۔خاص طور پر انہوںنے شانگس کی خواتین کی سراہنا کی جہاں لگ بھگ دوسو خواتین نے شرکت کی۔انہوںنے بتایاکہ یہ پروگرام محکمہ کے وزیر عبدالحق خان کی ہدایت پر چلائے جارہے ہیں۔اس دوران دیگر سرکاری سکیموں کی جانکاری بھی فراہم کی گئی اور خواتین کو ان سے استفادہ کرنے کا کہاگیا۔