خانصاحب (بڈگام) //محکمہ دیہی ترقی کے اے این پی (ایپلائڈ نیوٹریشن )ونگ کی طرف سے بڈگام کے خانصاحب علاقے میں خواتین کی بیداری کیلئے یک روزہ کیمپ کا انعقاد کیاگیا ۔اس موقعہ پر سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور مہمان خصوصی تھے جبکہ پروگرام کی صدارت ڈی پی او بڈگام نذیر احمد نے کی۔اس موقعہ پر بی ڈی او خانصاحب ازیتہ سحر قریشی ،پی او طاہر محمود ودیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ اس دوران بڑی تعداد میں خواتین شرکت کررہی تھیں جنہیں محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے خواتین پر زور دیاکہ وہ اپنی صحت پر توجہ مرکوز کریں اور متوازن غذائوں کا استعمال کریں تاکہ بیماریوںسے بچاجاسکے اور ان کے بطن سے پیدا ہونے والے بچے بھی صحت مند و تندرست ہوں ۔انہوںنے کہاکہ آج کل دیکھاجارہاہے کہ لوگ دوائیوں پر بہت زیادہ پیسے خرچ کردیتے ہیں ،بجائے وہ اس خرچے کے اگر صحت صفائی پر دھیان دیںگے تو نہ صرف اخراجات کم ہوںگے بلکہ ان سے بیماریاں بھی دور رہیںگی اور ماحول بھی صاف و شفاف رہے گا۔انہوںنے کہاکہ خواتین کو اپنے حقوق کے بارے میں پتہ ہوناچاہئے اور انہیں سماج میں ایسا مقام بناناچاہئے جہاں وہ خود انحصارہوں ۔انہوںنے کہاکہ خواتین میں بیداری لازمی ہے کیونکہ جب وہ بیدار ہوںگی تو پھروہ اپنی صحت کا خیال رکھیںگی جس سے معاشرتی ترقی ہوگی ۔اپنے خطاب میں سٹیٹ نیوٹریشن افسر نے کہاکہ وزیر برائے دیہی ترقی عبدالحق خان کی ہدایت پر یہ کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں جن کا مقصد خواتین کو نیوٹریشن (غذائیت ) کے بارے میں جانکاری فراہم کرناہے تاکہ وہ خود بھی صحت مند رہیں اور ان کاکنبہ بھی تندرست رہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے کیمپوں کا انعقاد آئندہ بھی جاری رہے گا اور یہ بات حوصلہ افزاہے کہ ان کیمپوں میں بڑی تعداد میں خواتین شرکت کررہی ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ خواتین کیلئے متوازن غذا انتہائی اہم ہے اور وہ غذائیت سے بھرپور کھانا استعمال کرنے سے کئی طرح کی بیماریوںسے بچ سکتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ خواتین کو ایسے کیمپوں سے ملنے والے پیغام کو عام کرناچاہئے اور اپنی صحت کے حوالے سے ان کیمپوں کو ایک تحریک کے طور پر لیناچاہئے۔