بانہال//ضلع رام بن کے تمام گیارہ بلاک ترقیاتی چئیرپرسنزکی طرف سے ضلع انتظامیہ رام بن کو تحریری طور انتبا کیا گیا ہے کہ یا تو محکمہ دیہی ترقی پنچایتی راج ایکٹ کے مطابق قوانین لاگو کو کریں یا پھر تمام بی ڈی سی کونسلر اپنا استعفیٰ پیش کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کو دی گئی ایک عرضداشت کے موقع پر گیارہ بلاک ترقیاتی کونسلروں میں سے نو کونسلر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے ملے جبکہ دور دراز کے دو کونسلروں نے اپنی حمایت فون کے ذریعے دی ۔ بلاک دیہی کونسلروں نے اپنی تحریر میں الزام ہی کہ محکمہ دیہی ترقی اور ڈی ڈی سی کونسلر بلاک ترقیاتی کونسلروں کی مشاورت کے بغیر ہی من مرضی سے تعمیراتی پلان مرتب دے رہے ہیں اور پنچایتی راج ایکٹ کو نظر انداز کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنچایتی راج تین درجوں پر مشتمل ہے جس میں پنچایت ، بلاک اور ضلع کونسل کی کائیوں کا ضلع رام بن کی تعمیر وترقی کی منصوبہ بندی میں اہم رول ہوتا ہے لیکن محکمہ دیہی ترقی اور ضلع ترقیاتی کونسلر بلاک کونسلوں کونظر انداز کر رہے ہیں اور محکمہ دیہی ترقیات اور ضلع ترقیاتی کونسلروں نے پنچایتی ایکٹ کو ایک کٹھن اور الجھنوں بھرا بنا دیا ہے اور اسے اپنے سیاسی مفادات کیلئے چلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی راج ایکٹ کے نفاز کا دور دور تک کوئی اور کسی بھی قسم کا مثبت اثر زمینی سطح پر موجود ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی کے زریعے دس کروڑ روپئے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے سے پہلے بلاک کونسلوں سے مشاورت کی جائے ورنہ ضلع رامبن کے تمام گیارہ بلاک کونسل چئیرپرسنز اپنا استعفیٰ دینے پر مجبور ہوں گے۔ بلاک کونسل ضلع رام بن کے ترجمان اور بلاک کونسل چیئرمین رامسو محمد شفیق کٹوچ نے کہا کہ انہوں نے کہ انہوں نے یہ مسئلہ پہلے بھی کئی بار متعلقہ ضلع حکام اور ڈی ڈی سی چئیرپرسن رام بن ضلع سے اٹھایا ہے لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی کونسلر پنچایتوں اور بلاکوں کو ایکطرف رکھ کر من مرضی سے پلان مرتب کئے جارہے ہیں اور پنچایتی راج ایکٹ کی سراسر خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے مطابق ضلع رام بن میں ضلع ترقیاتی کونسل میں کل28 ممبران ہوتے ہیں جس میں گیارہ بلاک کونسلر ، 14 ضلع کونسلر اور تین ممبران اسمبلی ہوتے ہیں اور اس طرح بلاک کونسل کے چیئرمینوں کی موجودگی اور مشاورت کے بعد ہی کوئی منصوبہ بندی کی جانی ہے ۔ انہوں کہا کہ بلاک کونسل کے حلقے ضلع کونسل کے حلقوں کے رقبے سے بہت بڑے ہیں اور پچھلے دو سالوں سے تمام گیارہ بلاک کونسلر عوامی خواہشات کی امیدوں پر اترنے میں مکمل طور سے ناکام ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے انہیں غور سے سنا اورانہوں نے جلد ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسروں اور بلاک کونسلروں کے ساتھ ایک میٹنگ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔