سرینگر//خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین محکمہ نے گاندربل ، بانڈی پورہ ، لیہہ اور کرگل میں صارفین میں 3 ماہ کی پیشگی راشن تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے اور اگلے مہینے سے یہ عمل دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔یہ جانکاری آج مذکورہ محکمہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی کو ایک جائزہ میٹنگ میں دی گئی۔اِس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سرکار اس عمل کو پہلے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی تھی البتہ چند تکنیکی وجوہات کی بناء پر اِس میں تاخیر ہوئی ۔ وزیر نے کہا کہ اِس عمل سے صارفین کو کافی راحت ہوگی۔وزیر نے میٹنگ کے دوران آدھار کو راشن کارڈوں سے جوڑنے کے عمل کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ وزیر نے جموں وکشمیر صوبے کے مذکورہ محکمہ کے ڈائریکٹر وں کو غذائی اجناس کی مختص کاری کے عمل کو آن لائن کرنے کے لئے کہا اور کپواڑہ ، سرینگر اور پلوامہ اضلاع کے بغیر کشمیر کے دیگر اضلاع میں یہ عمل 2 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔وزیر نے سپلائی چین منیجمنٹ کو اگست سے عملانے اور اگلے ماہ ٹرائیل بنیاد پر سانبہ میں چلانے کی ہدایت دی۔وزیر نے ویجی لنس مونیٹرنگ کمیٹیوں کے حوالے سے جانکاری حاصل کی اور تمام تفصیل محکمہ کی ویب سائٹ پر دستیاب رکھنے اور ممبران کو غذائی اجناس کے حوالے سے جانکاری ایس ایم سی کے ذریعے فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اگلے ماہ تک صوبوں میں کمانڈ کنٹرول روم قائم کرنے کے بھی احکامات دئیے۔ میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری ، ڈائریکٹر ان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔