بارہمولہ+اننت ناگ//شمالی ضلع بارہمولہ کے شیری ناروا وعلاقے میں محکمہ جنگلات اور پولیس نے عمارتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے133فٹ لکڑی اور دو گاڑیاں ضبط کر لیں ۔ ناروا وبلاک ہیون کے کمپارٹمنٹ نمبر 77ایک دیودار کو ٹرک میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تاہم ڈی ایف او بارہمولہ پرویز احمد وانی کی قیادت میں رینج افسر سمیت محکمہ کے دیگر ملازمین اور پولیس کی ایک ٹیم نے خصوصی کارروائی عمل میںلاتے ہوئے مین مارکیٹ ہیون میں ٹرک زیر نمبر JK02U-3985اور ایک گاڑی زیر نمبر JK05H-1768سے تلاشی لی ۔تلاشی کارروائی کے دوران 18شہتیربر آمد ہوئے ۔ جنگلات کی ٹیم نے دونوں گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کرکے لکڑی بھی اپنی تحویل میںلی تاہم اسی دوران ملزمان فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔ ڈی ایف او بارہمولہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرک سے 133فٹ لکڑی ضبط کر لی گئی ۔انہوں نے کہا کہ شیری تھانہ میں کیس درج کر لیا گیا ہے ۔ ادھراننت ناگ میں فارسٹ پروٹیکشن فورس نے غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی کو ضبط کرکے اسمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔فارسٹ پروٹیکشن فورس و محکمہ جنگلات نے مشترکہ کارروائی کے دوران کٹھار رینج کے کمپارٹمنٹ نمبر 71/K میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران جھاڑیوں میں چھپائی گئی 49فٹ کائرو کو ضبط کیا۔ڈی ایف او اننت ناگ فیروز چکٹ نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ نے اطلاع موصول ہونے پر یہ کارروائی عمل میں لائی۔ معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیح ہے ۔
محکمہ جنگلات کی کارروائیاں | اننت ناگ اور بارہمولہ میں182فٹ عمارتی لکڑی اور دو گاڑیاں ضبط
