ڈوڈہ //محکمہ جنگلات و فارسٹ پروٹیکشن فورس کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کے دوران بھدرواہ کے مٹھولہ گاؤں سے دیودار کی 31.77 مربع فٹ عمارتی لکڑی برآمد کی ہے اس دوران لکڑی کو چیرنے والی غیر قانونی طور پر نصب کی گئی ایک مشین بھی ضبط کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رینج آفیسر نیرو شفقت ملک و فارسٹ پرویٹکشن فورس کی ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر بھدرواہ کے مٹھولہ گاؤں میں تلاشی کاروائی کے دوران منگل کے روز ایک عارضی مکان سے دیودار کی 31.77 مربع فٹ لکڑی برآمد کی اور اس کے ساتھ ہی وہاں غیر قانونی طور پر نصب مشین کو بھی برآمد کیا۔ڈویڑنل فارسٹ آفیسر بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے ایک ہفتہ سے یہ دوسری کارروائی تھی جس میں بھاری مقدار میں عمارتی لکڑی و شہتیریں ضبط کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگل اسمگلر کرونا کرفیو کا فائدہ اٹھا کر سبزی سونے کو نقصان پہنچا رہے۔ ڈی ایف او نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران 5 مکینیکل کٹر برآمد کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جنگلات ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ڈی ایف او نے سیول سوسائٹی و پنچائتی نمائندگان سے جنگلات کے تحفظ و اسمگلروں کو بے نقاب کرنے کے لئے تعاون طلب کیا ہے۔