راجوری //تعمیراتِ عامہ کے کمشنر سیکرٹری خورشید احمد شاہ نے افسروں اور انجینئروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ راجوری کا دورہ کیا اور وہاں اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے راجوری کے گورنمنٹ میڈیکل کالج پر جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا جس پر 139 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کہ وہ مقررہ وقت کے اندر پروجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائیں ۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسی سے کہا کہ وہ میڈیکل کالج کی دیدہ زیبی کو بھی یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں ڈی پی آر پیش کریں ۔ انہوں نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ ہوسٹل بلاک پر جاری کام میں سرعت لائیں اور رہایشی کوارٹروں کی تعمیراتی کام شروع کریں ۔ دریں اثنا کمشنر سیکرٹری نے منجہ کوٹ علاقے میں ارونکھترکُل پُل پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ یہ پُل دیہی علاقوں کو جوڑنے کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ پُل 2.53 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا اور اس پُل سے تیس ہزار نفوس مستفید ہوں گے ۔ کمشنر سیکرٹری نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ یہ پروجیکٹ مارچ 2019 سے پہلے مکمل کریں ۔ اس موقعہ پر سپرنٹینڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی راجوری ۔ پونچھ سرکل نے میٹنگ کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی ۔ انہوں نے کہا کہ التوا میں پڑے 16 پُل اور 61 سڑکیں مکمل کرنے کیلئے 12566.34 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ التوا میں پڑے 16 پلوں میں سے مارچ کے آخر تک 8 پلوں پر کام مکمل کیا جائے گا اور باقی ماندہ پلوں پر تعمیراتی کام جون 2019 تک مکمل کیا جائے گا ۔ کمشنر سیکرٹری نے اس موقعہ پر راجوری اور پونچھ اضلاع میں سی آر ایف ، ڈسٹرکٹ پلان اور بنکروں کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ، ایس ای پی ایم جی ایس وائی راجوری ۔ پونچھ و دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
محکمہ تعمیراتِ عامہ کے کمشنر سیکرٹری کادورہ راجوری
