جموں//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ روہت کنسل نے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ میں حادثاتی موت کےلئے مختلف پاور کارپوریشنوں کے 10,000 عملہ اور کارکنوں کا بیمہ کرایا گیا ہے ۔ فیلڈ ورکروں کی موت کی صورت میں اہلِ خانہ کو مالی تحفظ فراہم کرنے کی طرف یہ ایک انوکھا اور بے مثال قدم ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری جموں و کشمیر میں محکمہ بجلی کی جاری اسپانسرڈاسکیموں ( سی ایس ایس ) پر مالی اور فزیکل پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے مختلف علاقوں اور حلقوں میں مختلف ایجنسیوں کے ذریعہ چلائے جانے والے سی ایس ایس کے تحت جاری کاموں کی مالی اور فزیکل حیثیت کا ضلع وار اور حلقہ وار صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹرز جے پی ڈی سی ایل ، کے پی ڈی سی ایل گرمیت سنگھ ، بشارت احمد ، چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل اشونی سچدیوا ، چیف انجینئر کے پی ڈی سی ایل اعجاز احمد کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ آغاز میں دین دیال اپادھیہ گرام جیوتی یوجنا ( ڈی ڈی یو جی وائی ) ، پی ایم ڈی پی ، آر اے پی ڈی آر پی ، آر جی جی وی وائی ، آئی پی ڈی سی اور جموں و کشمیر کے دونوں ڈویژنوں میں پی ڈی ڈی میں شروع کی گئی دیگر اسکیموں کے تحت حاصل کردہ اہداف اور کامیابیوں کے بارے میں ایک تفصیلی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی گئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سی ایس ایس کے تحت دیہی نظام کو مضبوط بنانے والے منسوبوں کیلئے 1576.96 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ شہری علاقوں میں منصوبوں کیلئے 1538.98 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ان میں ڈی ڈی یو جی جے وائی اور آئی پی ڈی ایس جیسے سی ایس ایس کے تحت اور وزیر اعظم کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایم ڈی پی ) کے خصوصی پیکج کے تحت منصوبے شامل ہیں ۔ روہت کنسل نے مکمل شدہ پروجیکٹوں کو سنبھالنے کا خاص ذکر کیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فزیکل طور پر مکمل ہونے والے پروجیکٹوں کے معائینے کو تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے دونوں کارپوریشنوں کے متعلقہ چیف انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی تکمیل اور اس کو تفویض کرنے کے مابین فاصلے کو کم کریں تا کہ تمام مکمل شدہ پروجیکٹوں کو جلد سے جلد عوام کے نام وقف کیا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے فیلڈ کارکنوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کا خصوصی ذکر کیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ حفاظتی اقدامات پر توجہ مرکوز کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ انسانی جانوں کا کوئی نقصان نہ ہو ۔