سرینگر// محکمہ بجلی کے عارضی اور مستقل ڈیلی ویجروں نے19اکتوبر کو یک روزہ احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حکام کی عدم توجہی اور ٹال مٹول کی پالیسی کے نتیجے میں وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔ پی ڈی ایل،ٹی ڈی ایل الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر سریر احمد مے کہا کہ محکمہ بجلی کے عارضی اورمستقل ڈیلی ویجروں کی ایک میٹنگ کے دوران محکمہ بجلی میں آئے روز حادثات اور دیگر معاملے زیر بحث لائے گئے۔انہوں نے کہا کہ10ستمبر کو محکمہ بجلی کے پرنسپل سیکریٹری روہت کنسل کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوئی تھی،تاہم انہوں نے ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی میٹنگ کی معلومات منظر عام نہ لانے پر خدشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی اس خاموشی سے عارضی اور مستقل ڈیلی ویجروں میں انتشاری کیفیت پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مسائل کو فوری طور پر حل نہیں کیا گیا تو وہ آنے والے دنوں میں احتجاجی لہر چھیڑ دیںگے،جس کی شرعات19اکتوبر کو یک روزہ احتجاج کی صورت میں ہوگی۔ پی ڈی ایل،ٹی ڈی ایل الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر سریر احمد نے مزید کہا کہ اگر22اکتوبر تک مسائل حل نہیں ہوںگے تو23اکتوبر کو وہ جموں کشمیر سطح پر احتجاج کا پروگرام تشکیل دیںگے۔