بانہال// ضلع رام بن میں سب ڈویژن رامسو کے علاقہ اہمہ ، سوجمتنہ کے رہائشیوں نے سب دویژنل مجسٹریٹ رامسو کے پاس محکمہ بجلی کے ملازمین کے خلاف مبینہ بدعنوانیوں کی شکایت درج کی ہے اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ رامسو نے اس شکایت کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اسسٹنٹ انجینئر محکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا ہے۔ آہمہ دردہی پنچایت سوجمتنہ کے لوگوں نے گذشتہ دنوں ایک تحریری درخواست میں الزام لگایا تھا کہ محکمہ بجلی رامسو کے چند ایک ملازمین نے لوگوں سے بجلی کی اضافی بلوں کی رقم کو کم کرنے کیلئے نقدی رقم وصول کی ہے اور اس شکایت کو ایس ڈی ایم رامسو دل میر چودھری کو پیش کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایس ڈی ایم رامسو کے پاس محکمہ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن رامسو کے ملازم کے خلاف درج کی گئی شکایت کے بعد محکمہ بجلی رامسو کے ایک ٹیکنیشن نے شکایت کرنے والے صارفین کے خلاف پولیس سٹیشن رامسو میں ایک درخواست دی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اہمہ ، سوجمتنہ کے لوگوں نے مکرکوٹ میں محکمہ بجلی کے ملازمین سے ریکارڈ چھین کر پھاڑ دیا اور ان پر مبینہ مارپیٹ کا الزام عائد کیا گیا ۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ شکایت درج کرنے کے بعد محکمہ بجلی رامسو کے ٹیکنیشن اور دیگر سٹاف نے انتقام کے طور اہمہ ، دردہی اور سوجمتنہ کی بجلی فالٹ کے نام پر کاٹ دی تھی۔لوگوں نے محکمہ بجلی کی طرف سے پولیس کو دی گئی شکایت کا معاملہ ایس ڈی ایم رامسو دل میر چودھری کی نوٹس میں لایا اور انہوں نے اس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس کو زیر خط نمبر SDMR/21/ 1429-30 مورخہ 22 جنوری 2022 حکم دیا ہے کہ وہ محکمہ بجلی کے ٹیکنیشن کے خلاف شروع کی گئی تحقیقات کے مکمل ہونے تک لوگوں کے خلاف دی گئی محکمہ بجلی کے ملازم کی درخواست پر کوئی عمل نہ کریں اور تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی کیس درج نہ کیا جائے ۔ایس ڈی ایم رامسو دل میر چودھری نے ایس ایچ او رامسو کو لکھا ہے کہ آہمہ ، سوجمتنہ کے کچھ رہائشیوں نے ٹیکنیشن کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جس میں ان کے خلاف بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اس دفتر نے معاملے کی انکوائری شروع کر دی ہے اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرمحکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال سے سرکاری خط وکتابت کے ذریعے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا ہے۔ ایس ڈی ایم نے رامسو پولیس کو لکھا ہے کہ مذکورہ ٹیکنیشن نے پولیس تھانہ رامسو میں ایک درخواست دائر کی جس میں الزام ہے کہ اس کے ساتھ مگر کوٹ میں شکایت کنندگان نے بدتمیزی کی ہے۔ ایس ڈی ایم رامسو نے لکھا ہے کہ بجلی ٹیکنیشن کی درخواست حقائق پر مبنی نہیں ہے بلکہ بجلی ٹیکنیشن شکایت کنندگان کو ایس ڈی ایم رامسو کے پاس بدعنوانی کے الزامات کو واپس لینے کا دباؤ ڈال رہا ہے اور شکایت کنندگان کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ایس ڈی ایم رامسو نے ایس ایچ او رامسو کو کہا ہے کہ وہ اس دفتر کی طرف سے کی جا رہی انکوائری کے حتمی نتائج آنے تک پولیس سٹیشن رامسو میں ٹیکنیشن کی طرف سے شکایت کرنے والوں کے خلاف دی گئی درخواست پر کوئی غور نہ کیا جائے۔سب ڈویژن رامسو کے آہمہ ، دردہی اور سوجمتنہ کے لوگوں نے ایس ڈی ایم رامسو دل میر چودھری کی فوری کاروائی اور حقائق کو سامنے لانے کیلئے کی جارہی فوری کاروائی کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ظلم کے بجائے لوگوں کو انصاف فراہم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ محکمہ بجلی رامسو کے ٹیکنیشن کے خلاف دی گئی شکایت کو انجام تک پہنچا کر ملوث ملازمین کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔