محکمہ بجلی کی غفلت شعاری

 بھدرواہ //بھدرواہ کے کوٹلی علاقہ میں بُدھ کے روز بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو مویشی بشمول ایک گائے اور ایک گھوڑا ہلاک ہو گیا ہے۔محکمہ بجلی کی غفلت شعاری اور غیر ذمہ دارانہ رویہ سے ناراض ہوکرلوگوں نے محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں ترسیلی نظام کے متعلق محکمہ کو اسکی اطلاع دی گئی تھی۔ لوگوں نے بتایا کہ محلہ قلعہ کے بوبی خان کی گائے جونہی بجلی کے کھمبے کے پا پہنچی تو اُسے زوردار بجلی کا جھٹکہ لگا جس سے وہ موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھی ۔اس واقعہ کے کئی گھنٹوں کے بعد موضع سونگلی مُناگنائی کا گھوڑا بھی بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے اس کے لئے اے ای ای سنجے وکھلو کو اپنے فرائض انجام دینے میں کوتاہی برتنے کے لئے ذمہ وار قرار دیا ،جنھیں کئی بار اسکی اطلاع دی گئی تھی۔قلعہ محلہ کے ایک باشندے ناصر کے شاہ نے بتایا کہ اگرچہ ان واقعات کی جانکاری اے ای ای  اوردیگر اہلکاروں کو دی گئی تھی لیکن گھنٹوں انتظار کرنے کے باوجود کوئی بھی جائے موقعہ پرنہیں پہنچا،جسکی وجہ سے اس علاقہ میں لوگوں کی زندگیوں پر خطرہ بنا ہوا ہے۔پینتھرز پارٹی کے ضلع صدر سنگھ منہاس نے کہا کہ حال ہی میں اسکے 4 سال کی عمر کا بچہ اٹل گڑھ میں اپنے گھر کے باہر بجلی کاکرنٹ سے بال بال بچ گیا ،جسے کئی دنوں تک ہسپتال میں بھرتی رہنا پڑا۔انہوں نے پی ڈی ڈی اہلکاروں پر غفلت شعاری برتنے پر کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ایس ایچ او بھدرواہ جیتندر سنگھ سمبیال سے جب اس سلسلہ میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔اور پولیس مویشیوں کے پوسٹ مارٹم کا انتظار کر رہی ہے۔