پونچھ//محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کی جانب سے آل جموں و کشمیر پی ڈی ڈی کیجول لیبرس کے بینر تلے ضلع صدر پونچھ چوہدری فاروق پونچھی کی قیادت میں احاطہ پاور ہوس میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ عمل میں لایاگیا ۔اس احتجاج میں شامل مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میںجم کر نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ملازمین کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبات پورے کرنے کے لئے جو وقت ایم ڈی نے لیا تھا وہ بھی گزر گیا لیکن ان کے ساتھ انصاف نہ ہوا۔انھوں نے کہا کہ ان کے ساتھ وعدے کئے جا رہے ہیں تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اب تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ عارضی ملازمین نے الزام لگایا کہ اگرچہ حکومت کے احکامات کی بنا پر کئی سال قبل ان کی ڈی پی سی مرتب کی گئی، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اب تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا ہے۔ملازمین کے مطابق اب ان کی فہرستوں میں بھی ہیر بھیر کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عارضی ملازمین سے پورا کام لیا جاتا ہے اور ڈیوٹی کے دوران کئی ملازم شدید زخمی ہوئے اور کئی ہلاک بھی ہوئے لیکن نہ انہیں معاوضہ ملا اور نہ انہیں مستقل ملازمت ملی۔انھوں نے محکمہ بجلی کے عارضی ملازم کی موت پر اور زخمی ہونے پر معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ میں تعینات4750 ملازمین کی ایک فہرست مرتب کر کے فی الفور انھیں مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔انھوںنے انتظامیہ کو انتباہ دیا کہ اگر اس حوالے سے پالیسی واضح نہیں کی تو وہ آئندہ دنوں میں کام چھوڑ کر ہڑتال پر جائیں گے۔