مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں قائم محلہ چوکی تا ٹائون واٹر لفٹ سکیم گزشتہ کئی دنوں سے بند ہونے کی وجہ سے قصبہ کے ایک بڑے حصے میں پانی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے تاہم ابھی تک متعلقہ محکمہ کی جانب سے پانی کی سپلائی بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ لفٹ سکیم کی خراب ہوئی موٹر کی مرمت ہی نہیں کروارہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 10دنوں سے پانی کی سپلائی مکمل طورپر بند ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کی موٹر کی مرمت کے سلسلہ میں محکمہ جل شکتی کے میکینکل شعبہ سے کئی مرتبہ رجو ع کیا گیا لیکن محکمہ کی جانب سے نہ تو متبادل موٹر نصب کرنے کیلئے کوئی عملی کام کیا جارہا ہے اور نہ ہی خراب ہوئی موٹر کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی قدم اٹھایا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ کے مذکورہ حصہ میں قدرتی چشمہ بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خراب موٹر کی مرمت کروائی جائے تاکہ پانی کی قلت کو دور کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلا ف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔