سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدرعبدالرحمن ویری نے بجبہاڑہ کے متعددعلاقوں کادورہ کرتے ہوئے لوگوں پرزوردیا کہ وہ پی ڈی پی کے حق میں اپنے ووٹ کااستعمال کریں تاکہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کوزک پہنچانے کے درپے عناصر کو کراراجواب دیا جائے ۔ویری نے اننت ناگ پارلیمانی حلقے سے پارٹی کی اُمیدوار محبوبہ مفتی کوپارلیمان میں لوگوں کی بہتر طورنمائندگی اورریاستی مفادات کاتحفظ کرنے کے اہل قراردیا۔ ویری نے کہا کہ ریاست بھرمیں پارٹی کے عہدیدار،کارکن اورحامی ریاست کو غیریقینی کے دلدل سے نکالنے کی محبوبہ مفتی جدوجہدکابھرپورساتھ دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مختلف طاقتوں کیخلاف محبوبہ نے بہادرانہ لڑائی لڑی اور لوگوں کے اذہان پر جو تاثر انہوں نے چھوڑاہے وہ اُن کا نڈر اورغیرجانبدار ہونا ہے ۔ ویری نے کہا کہ تکلیف دہ حالات میں اقتدار سنبھالنے کے باوجود محبوبہ نے راست بازی کے ساتھ حکومت کی۔انہوں نے کہا کہ دفعہ35Aکا سپریم کورٹ میں دفاع کرنے کیلئے ملک کے بہترین وکیلوں کی خدمات حاصل کرنے سے لیکر رسانہ معاملے میں پی ڈی پی صدر نے اقتدار سمیت ہرچیزدائو پرلگائی تاکہ ریاست کاپاجی عناصر سے دفاع کیا جائے ۔انہوں نے آنے والے انتخابات کوتقسیمی اورفرقہ پرست قوتوں کو شکست دینے کا موقعہ قراردیتے ہوئے کہا کہ وقت آیا ہے کہ ریاست کے لوگ بیک زبان اورواضح طور یہ پیغام دیں کہ ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ چھیڑچھاڑ ناقابل قبول ہے۔