کپوارہ/اشرف چراغ /کپوارہ میں محکمہ مال کے ملازمین نے چیئرمین میونسپل کمیٹی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔احتجاجی ملازمین نے کہا کہ چیئرمین موصوف نے تحصیلدار کپوارہ کے خلاف ہتک آمیز الفاظ اور ناشائستہ زبان کا استعمال کیا ۔معلوم رہے کہ تحصیلدار کپوارہ اپنی ٹیم ،پولیس اور میونسپل کمیٹی کے ہمراہ بدھ کو گنائی محلہ کپوارہ پہنچ گئے جہا ں انہو ں نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم شروع کی ۔محکمہ مال نے الزام لگایا کہ چیئر مین میونسپل کمیٹی وہا ں پہنچ گئے اور محکمہ مال کی کارروائی میں رکاوٹ ڈال دی ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین موصوف نے اس موقع پر تحصیلدار کپوارہ کے ساتھ بد تمیزی کی ۔انہوں نے کہا کہ موصوف نے تحصیلدار کپوارہ کے خلاف انتہائی ناشائستہ اور ہتک آمیز الفاظ کا استعمال کیا۔ تحصیلدار کپوارہ طارق احمد نے اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ غلام جیلانی شاہ ولد ثناء اللہ شاہ ساکن درگمولہ نے گور نر انتظامیہ سے شکایت کی تھی کہ درگمولہ میں ان کی زمین پر نا جائز طریقے سے قبضہ کیا گیا ہے جس کے بعد انہو ں نے ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی لیکن جو ں ہی وہ اپنی ٹیم ،پولیس اور میونسپل کمیٹی کے ہمراہ گنائی محلہ کپوارہ پہنچ گئے اور نا جائز قبضہ ہٹانے کا کام شروع کیا تو اسی اثناء میں چیئرمین میونسپل کمیٹی کپوارہ ریا ض احمد میراپنے کئی ساتھیو ں سمیت وہا ں پہنچ گئے اور محکمہ مال کی کارروائی میں رکاوٹ ڈال دی۔انہوں نے کہا ’’ چیئرمین موصوف نے نہ صرف کارروائی میں رکاوٹ ڈال دی بلکہ ہمارے ساتھ بد تمیزی بھی کی‘‘۔تحصیلدار نے کہا ’’محکمہ مال کے ملازمین نے صبر و تحمل سے کام لیا اور راہِ فرار اختیار کرنے میں ہی عافیت سمجھ لی‘‘۔محکمہ مال کے ملازمین نے اس واقعہ کے خلاف جمعرات کو کام چھو ڑ ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک اس واقعہ کی تحقیقات عمل میں نہیں لائی جائے گی تب تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے ۔احتجاجی ملازمین نے کہا کہ مجسٹریٹ کے ساتھ بد تمیزی کر نا قانون سے کھلواڑ ہے۔ تحصیلدار کپوارہ نے اس سلسلے میں ایس ایس پی کپوارہ کے نام باضابطہ ایک چھٹی زیر نمبرTK/OQ/18/891-96بتاریخ 19دسمبر2018میں ریاض احمد میرولد محمد صابرمیراورعبدالخالق ولد محمد صوفی(گنائی محلہ)ساکنان کپوارہ کے خلاف کیس درج کرنے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اس چٹھی کو صوبائی کمشنر کپوارہ ،ڈی آئی جی ،ضلع کمشنر کپوارہ،ایڈیشنل ضلع کمشنر کپوارہ اور اے سی آر کپوارہ کے نام بھی روانہ کیا ہے اور اُن سے تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مجسٹریٹ کے خلاف ناشائستہ زبان کا استعمال
