بانہال // جمعرات کی دوپہر بعد سے جاری شدید بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔اس دوران رام بن ا ور بانہال کے سیکٹر میں کئی مقامات پر وقفے وقفے سے پتھر اور چھوٹی چھوٹی پسیاں بھی گر آئیں تاہم فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی کی مشینری کی مدد سے ان رکاوٹوں کو ساتھ ساتھ صاف کیا گیا اور مجموعی طور پر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت دن بہت جاری رہی۔ ٹریفک ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز شدید بارشوں کے باوجود شاہراہ پرگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال رہی اور اس دوران پنتھیال ، ماروگ اور بیٹری چشمہ کے مقام کئی بار شاہراہ پر پتھر گر آئے جنہیں وہاں موجود ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی کی مشینری اور افراد قوت کی مدد سے ساتھ ساتھ ہٹایا گیا اور مجموعی طور پر شاہراہ پر ٹریفک چلتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز معمول کے ٹریفک کو وادی کشمیر سے جموں جانے کی اجازت تھی جبکہ چھوٹی مسافر گاڑیوں کو دوطرفہ طور چلنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ اور ادہمپور سے مقررہ وقت کے اندر اندر چھوڑا گیا بیشتر ٹریفک اپنی منزلوں کو پہنچ چکا ہے جبکہ مزید ٹریفک جاری ہے۔دریں اثنا جمعرات کی دوپہر سے بانہال اور رام بن کے علاوہ وادی چناب کے علاقوں میں کا سلسلہ جمعہ کی شام تک جاری تھا ور اس دوران پیر پنجال کے پہاڑوں پر اس موسم کی ایک اور برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے اور درجہ حرارت گر گیا ہے۔