جموں//لیفٹیننٹ گورنرکے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے مبارک منڈی کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں جاری بحالی تجدید کاری کاموں کا معائینہ کیا۔ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مبارک منڈی ہیرٹیج سوسائٹی دیپکا شرما، کنسلٹنٹس، تعمیراتی ایجنسیوں کے اَرکان اور دیگر اعلیٰ افسران اُن کے ہمراہ تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے مبارک منڈی کمپلیکس کے مختلف شعبوں اور حصوں کاچکر لگا کر زمینی سطح پر جاری کاموں کا معائینہ کیا اور بحالی اور تجدیدکاری کاموں میں سرعت لانے کی ہدایات دیں۔پرنسپل سیکرٹری نے کمپلیکس کے اندر بحالی کاموں سے متعلق پیش رفت سے متعلق تفصیل طلب کی ۔اُنہوں نے ڈوگرہ آرٹ میوزیم کی بحالی ، تاریخی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے اور مختلف اجزأکے تحفظ سے متعلق اہم معاملات پر بھی متعلقہ حکام سے تفصیل طلب کی۔میوزیم کے دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے مقامی دستاویزات کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے افسران کو کنسلٹنٹوں اورماہرین کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرکے تاریخی کمپلیکس کی بحالی کام کی معقول عمل آوری کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسروں کو چند پروجیکٹوں کو نجی سرکاری شراکت داری کے ہاتھ میں لینے کے امکانات پر غور کرنے کے لئے کہا اور مبارک منڈی ہیرٹیج مقام کی بروقت بحالی میں درپیش رُکاوٹوں کو دورہ کرنے کی ہدایت دی ۔جموںوکشمیر کی مایہ ناز ثقافت و وراثت کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات جیسے مبارک منڈی ہیرٹیج کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔اُنہوںنے افسروں کو تمام تاریخی مقامات کے تحفظ اورکاموں کی عمل آوری کے لئے ماہرین کی خدمات کو قواعد و ضوابط کے تحت ہی حاصل کرنے کے لئے کہا اور تعمیراتی ایجنسیوں کو ہیرٹیج کمپلیکس کی بحالی کام سے متعلق مزید مفصل منصوبہ تیار کرنے کے لئے کہا۔