جموں//حکومت ہند کے ذریعہ جموں پہنچنے والی ایک اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم نے سنیچر کے روزگورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں اور اودھم پور ضلع ہسپتال دورہ کیا جہاں کووڈ 19 متاثرہ مریضوں کے اضافے کے پیش نظر آکسیجن کی کمی کی اطلاعات کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر این سی ڈی سی ، نئی دہلی کے سربراہ ڈاکٹر ایس کے سنگھ ، این ڈی سی ڈی میں جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر تنزین اور دیگر ماہرین پر مشتمل ٹیم نے کورونا صورتحال کا باریکی سے جائزہ لیا۔ڈاکٹر وجے ہڈا اور ڈاکٹر مہیش پر مشتمل ٹیم نے جی ایم سی جموں کا دورہ کیا اور پرنسپل ڈاکٹر نصیب چند ڈنگرا ، انتظامیہ اور ڈاکٹروں سے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی۔ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا’’ہم نے ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت عملے کی کمی کے بارے میں مطالبات پر روشنی ڈالی گئی کیونکہ عملہ کے بہت سارے ارکان متاثر ہوئے ہیں اور وہ الگ تھلگ ہیں‘‘۔عہدیدار نے بتایا کہ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ گورنمنٹ گاندھی نگر ہسپتال کے تمام 200بستروں پر آکسیجن دستیاب رکھی جائے اور مذکورہ ہسپتال میں صرف علامتی مریضوں کو داخل کیا جائے۔عہدیدار نے بتایاکہ ٹیم نے انفراسٹرکچر میں بہتری اور انتظامیہ میں ہم آہنگی پر زور دیا۔یہ ٹیم کووڈ 19 میں واقع مثبت معاملات اور چار اضلاع خصوصا ًجموں ، راجوری ، ڈوڈہ اور رام بن اضلاع میں متاثرہ افراد کی اموات پر تشویش کا شکار تھی۔دریں اثنا ، ڈاکٹر ایس کے سنگھ اور ڈاکٹرتنزین پر مشتمل ٹیم نے ضلع ہسپتال ادھم پور کا دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 111 متاثرہ افراد کوہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کووڈ19 کا پتہ لگانے کے لئے اب تک 20 ٹیمیں تعینات ہیں۔