ماہانہ کارکردگی کی بنیاد پر تنخواہیں | محکمہ صحت کاحکم نامہ جاری

سرینگر //ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے ڈاکٹروں، نیم طبی عملہ، کنٹریکٹ اور اوٹ سورس ملازمین کو ماہانہ کارگردگی کی بنیاد پر تخواہیں واگذار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی جانب سے متعلقہ ڈی ڈی اوز سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے ملازمین کے حق میں کوئی تنخواہ واگزار نہ کریں جن کا کام غیر تسلی بخش پایا جائے ۔ حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ ایسے ملازمین کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز تنخواہوں کے بلوں پر کوئی کارروائی نہ کریں جن ملازمین کا ماہانہ کام غیر تسلی بخش قرار دیا جائے اوراس میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کے تمام سیکشن ہیڈز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کنٹرول/ نگرانی میں کام کرنے والے ملازمین (باقاعدہ/ کنٹریکٹ/ آؤٹ سورس) پر کام کرتے ہیں ،کے ماہانہ کام کاج کی کارکردگی کو متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو بھیجیں جو اس بات کی تصدیق کریں گے کہ ان کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور وہ تنخواہ لینے کیلئے حق دار ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ کام کرنے والے ملازمین تنخواہوں کے حقدار ہونگے‘‘۔انہوں نے کہا کہ صرف ان ملازمین کی تنخواہیں واگذار ہونگی جنکی کارگردگی متعلقہ افسران اطمنان بخش قرار دیں گے۔