ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے پر ایل جی انتظامیہ کا اظہار تشکر

ڈوڈہ //محکمہ تعلیم میں کام کر رہے سیزنل اساتذہ نے ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے پر ایل جی انتظامیہ و مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر مستقل بنانے کی مانگ کی ہے۔ضلع صدر سیزنل ٹیچرز ایسوسی ایشن چوہدری غلام نبی مجنون کی قیادت میں منعقد اجلاس میں جنرل سیکرٹری محمد یاسین شاہین کے علاوہ مختلف تعلیمی زون سے آئے ای ویز نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قلیل سے وسائل کے باوجود پچھلے کئی برسوں سے پہاڑی علاقوں میں جا کر بچوں کو پڑھاتے ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے سیزنل ٹیچروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی، ضلع و زونل انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا تاہم انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ماہانہ دس ہزار تنخواہ منظور کرنے کے باوجود کئی تعلیمی زون میں تعینات ای ویز میں سے کسی کو دو ماہ، کسی کو چار ماہ اور کسی کو اس سے بھی کم تنخواہ دی گئی جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔ضلع صدر و جنرل سیکرٹری نے ایل جی انتظامیہ سے سیزنل ٹیچروں کے لئے مستقل پالیسی بنانے و تمام تر بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے سیزنل اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کی بھی مانگ کی ہے۔انہوں نے ممبر پارلیمنٹ رامیش بدھوری کی طرف سے سیزنل ٹیچروں کے مسائل مرکزی و یوٹی حکومت کی نوٹس میں لانے پر بھی شکریہ ادا کیا ہے۔