ماگام اورٹنگمرگ ڈگری کالجوں کا معائنہ | طلعت پرویز کا تدریسی سہولیات بہم رکھنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے پر زور

سرینگر //کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلت پرویز روہیلہ نے آج ڈگری کالج ماگام اور ٹنگمرگ کا دورہ کر کے وہاں  ان کالجوں کی کلہم ترقی کیلئے زیر تعمیر کاموں کا جائیزہ لیا ۔ پرنسپل ڈگری کالج ماگام نے انہیں کالج کے کام کاج اور بنیادی ڈھانچہ کے بارے میں تفصیل دی ۔ انہوں نے کمشنر سیکرٹری کو کالج میں طلبا کو پڑھائے جا رہے مضامین کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ کمشنر سیکرٹری نے تعمیراتی ایجنسیوں کو تمام جاری کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ کالج کیلئے اضافی بنیادی ڈھانچہ سہولیات پایہ تکمیل تک پہنچ سکے ۔ بعد میں کمشنر سیکرٹری نے ڈگری کالج ٹنگمرگ کا بھی دورہ کر کے کالج کے کام کاج اور اضافی بنیادی ڈھانچہ پر جاری ترقیاتی کام کا جائیزہ لیا ۔ پرنسپل ڈگری کالج ٹنگمرگ نے کمشنر سیکریٹری کو کالج میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور طلبا کیلئے دستیاب مضامین کے بارے میں تفاصیل دی ۔ کمشنر سیکرٹری نے ان کالجوں میں جاری پروجیکٹوں ، بنیادی ڈھانچہ اور کام کاج پر مفصل غور و خوض کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو طلباء کیلئے سکل ڈیولپمنٹ مضامین جیسے ہوٹل منیجمنٹ ،سیاحت ، مہم جو سیاحت وغیرہ مضامین کالجوں میں بطور کریش کورسز شروع کرنے کیلئے کہا ۔ کمشنر سیکریٹری نے ان کالجوں کے حکام کو طلباء کیلئے تعلیم و تدریس کی سہولت بہم رکھنے کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ کسی بھی تعلیمی ادارے کیلئے لازمی ہے اور حکومت اس پر اپنی توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر کالجز ، نوڈل پرنسپل صوبہ کشمیر ، ڈائریکٹر منصوبہ بندی محکمہ اعلیٰ تعلیم اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔