نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے مانپور و دیگر ملحقہ دیہات میں محکمہ آب رسانی کی جانب سے آلودہ پینے کا پانی سپلائی کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مانپور واٹر سپلائی سکیم سے لوگوں کو گندہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ محکمہ کو اس سلسلہ میں اطلاع فراہم کرنے کے بعد بھی اس طرف دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مانپور واٹر سپلائی سکیم ایک مقامی ندی کے کنارے پر بنائی گئی ہے جس سے متعدد علاقوں کے ڈھائی ہزار سے زائد کنبوں میں پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جارہا تھا لیکن گزشتہ 6ماہ سے آلودہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ صاف پانی سپلائی کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ رابطہ بھی کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کا بندوبست کیا جاسکے ۔