ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے معروف سیاحتی مقام مانسبل جھیل میں محکمے سیاحت کی جانب سے آبی کھیلوں کے مقابلے کا افتتاح کیا گیا۔محکمہ سیاحت کی جانب سے جھیل میں آبی کھیلوں کے مقابلے کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ مانسبل جھیل کو مزید پرکشش بنایا جائے گا اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے مزید سہولیات اور اقدامات فراہم کئے جائیں گے،َانہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 300 نئی سیاحتی مقامات کی تلاش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھیل میں ایک چھوٹا تفریحی پارک بھی ہے اس کے علاوہ آبی کھیلوں کی سہولت پہلے سے موجود ہے ہم آبی کھیلوں کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں آئیں۔سونہ مرگ کے بارے میں سکریٹری سیاحت نے کہا کہ سونہ مرگ سردیوں کے لئے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔سوننہ مرگ ہر موسم کے لئے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر جانا جائے گا۔ ساتھ ہی امرناتھ شردھالوں بھی سونہ مرگ کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے امرناتھ گھپا کے درشن کرنے جاتے ہیں۔تاہم اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ سونہ مرگ کے ماحولیات سے پاک صاف ہونے کے باعث سونہ مرگ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بند انفراسٹرکچر کی ترقی ہونی چاہیے۔ مانسبل جھیل میں آبی کھیلوں کے مقابلے کے تحت کشتیوں کی دوڑ، تیراکی سمیت دیگر آبی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ تقریب کے دوران سکولوں میں زیر تعلیم طلباء ، سیاحت سے جڑے افراد سمیت مقامی لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔