مالیا کی عدم پیشی پرعدالت عظمیٰ برہم | سزا کی سماعت 18جنوری کو

 نئی دہلی// سپریم کورٹ نے منگل کو کہا کہ توہین عدالت کے مجرم ،مفرور شراب تاجر وجے مالیا کی سزا طے کرنے کے معاملے اب وہ اور انتظار نہیں کرے گا۔  سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ مالیا کے خلاف سزا کی سماعت اگلے سال 18 جنوری کو کرے گا۔جسٹس یو یو للت، جسٹس رویندر بھٹ اور جسٹس بیلا ترویدی کی بینچ نے اس بات پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت کے مجرم مالیا کو محض سزا دینے کے معاملے کی شنوائی چار برسوں سے زیر التواء ہے ۔ اسے 2017 میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور اسی وقت سے یہ مقدمہ زیر التوا ء ہے ۔مرکزی حکومت کو بار بار حکم دینے کے باوجود مجرم کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بینچ نے کہا، ‘ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے ۔ یہ مالیا پر منحصر ہے کہ اسے خود پیش ہونا ہے یا وکیل کے ذریعے ’۔سپریم کورٹ نے 14 جولائی 2017 کو مالیا کو توہین عدالت کا مجرم قرار دیا تھا۔