مارکیٹ میں غیرمعیاری سرسوں کا تیل باعث تشویشـ ـ: قیوم وانی

 سرینگر//جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم نے بازار میں غیر معیاری خوردنی تیل کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جو لوگوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔سول سوسائٹی چیئرمین عبدالقیوم وانی نے ایک معروف برانڈ کے تیل کے نمونوں کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کیموہ گائوں میں دکانداروں سے تیل کے حاصل کئے گئے نمونے غیر معیاری پائے گئے ہیں۔ فورم نے حکومت سے کہا کہ وہ لوگوں کی حفاظت کے لیے بازاروں میں کھانے پینے کی اشیا کی پوری رینج کی جانچ کرے۔  فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ ڈیپارٹمنٹ کی سستی اور لاپرواہی پر اُن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے  سول سائٹی نے سوال کیا ہے کہ یہ غیر معیاری تیل برانڈ معیار کی جانچ کے بغیر بازار میں کیسے پہنچ گیا اور اسے جموں و کشمیر کے پولیس نے جنوبی کشمیر کے علاقہ کیموہ میں ضبطی کے بعد ہی غیر معیاری پایا۔ وانی نے حکام پر زور دیا کہ وہ بازار میں فروخت کے لیے دستیاب دیگر اشیائے خوردونوش کے نمونے لینے کے عمل کو تیز کریں۔ جے کے سی ایس ایف کے چیئرمین نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری خوردنی تیل سے نجات کے لیے سرسوں کے تیل کی اپنی  کشمیری روایتی فصل اگائیں۔