ماحولیات میں تبدیلی ایک نئی جھلک| موسم گرما میں برفباری

سرینگر// گلمرگ کے افروٹ اور سونہ مرگ کے بال تل اور امر ناتھ گھپا کے نزدیک تازہ لیکن ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2005  کے بعد ماہ اگست کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کا گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت معمول سے5.6  ڈگری کم تھا۔واضح رہے کہ 31 اگست 2005 کو سرینگر  میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ شہر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔پہلگام میں 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ میں 10.3 ڈگری ، قاضی گنڈ میں 9.6  ڈگری درج کیا گیا۔ دریں اثنا ء محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 19 اگست تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔