جموں //قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی ایک میٹنگ یہاں ایم ایل سی علی محمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں میونسپل کارپوریشن کمیٹیوں ، ٹاؤن ایریاز اور میونسپل کمیٹیوں سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ارکان قانون سازیہ قیصر جمشید لون ، یش پال شرما ، گرداری لعل رینہ اور پردیپ شرما نے اس میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں ۔ کمیٹی نے کوڑا کرکٹ کو مؤثر ڈھنگ سے ٹھکانے نہ لگانے سے ماحولیاتی توازن پر پڑے اثرار پر تشویش کا اظہار کیا کیونکہ لوگوں کو کافی دقعتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام خاص طور سے ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائیننگ سے کہا کہ وہ بستیوں کے نزدیک سٹون کریشروں پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں ۔ کمیٹی نے لولاب اور لنگیٹ علاقوں کی طرف توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جہاں کئی سارے لوگ تب دق کے شکار ہو چکے ہیں ۔ کمیٹی نے بانگ کی کاشت پر قابو پانے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کیلئے پی سی سی ایف کا شکریہ ادا کیا ۔ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار سنگھ ، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات محمد افضل ، چیف وائیلڈ لایف وارڈن منوج پنتھ ، چئیر مین پلیوشن کنٹرول بورڈ سدھار ناتھ کمار ، ناظم ماحولیات اوم پرکاش کے علاوہ سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل عبدلمجید وانی ، ڈپٹی سیکرٹری قانون ساز کونسل علی محمد ربات اور کونسل سیکرٹریٹ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔