مابعد برف باری معمولات کی بحالی: کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انتظامیہ کو سراہا

سرینگر//کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انتظامیہ کی اُن کاوشوں کو سراہا ہے جو برف باری کے بعد معمولات زندگی کوبحال رکھنے کیلئے مختلف محکموں نے انجام دیں۔ایک بیان میں کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاشق احمد نے کہا کہ برف باری کے بعد پوری انتظامیہ سبھی محاذوں پرمتحرک نظر آئی اور نہ صرف خاص الخاص علاقوں بلکہ تمام شاہرائوں ،رابطہ سڑکوں اورگلی کوچوں سے برف کو ہٹایا گیا اور بجلی کی سپلائی کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجر طبقے کی طرف سے صوبائی کمشنر بصیراحمد خان ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیدعابدرشید اور چیف انجینئر حشمت یوسف قاضی اور دیگر حکام کاشکریہ ادا کرتے ہیں جن کی مسلسل کوششوں سے عوام کو بنیادی سہولیات اورخدمات بہم رکھی گئیں۔شیخ عاشق نے انتظامیہ کی توجہ باربار سرینگر جموں سڑک کے بند ہونے کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ فضائی کمپنیوں کی طرف سے مسافروں کااستحصال کئے جانے پر فوری طور روک لگائی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سرما کے دوران سفر کی واحد صورت مہیا ہونے کی وجہ سے حکومت کو فضائی سفر کو لازمی خدمات کے قانون کے دائرے میں لانا چاہیے تاکہ فضائی کرایہ میں اضافہ کو روکا جاسکے ۔انہوں نے انتظامیہ کو درماندہ مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے اقدام کرنے کی درخواست کی ۔