جموں// ڈیزاسٹر منیجمنٹ، امداد، باز آباد کاری اور تعمیر نوکے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ مائیگرینٹوں کو معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن محکمہ کو ضروری بنیادی ڈھانچہ اور افراد قوت فراہم کر کے استحکام بخشنا ہوگا۔ان باتوں کا اظہار سیکریٹری موصوف نے ریاست کی مائیگرنٹ کالونیوں میں ای۔ این آئی ٹی کے مرمت کے کام انجام دینے کے سلسلے میں بلائی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ کے دوران ان کالونیوں میں صحت و صفائی کے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا گیا۔افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق شاہ نے کہا کہ مائیگرینٹ کالونیوں میں وقت پر مرمت اور تجدید کے کام شروع کئے جائیں۔انہوں نے اس سلسلے میں رقومات کا بہتر تصرف یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ ان کاموں کے لئے ٹینڈر جاری کریں تا کہ ان کالونیوں میں ضروری کام جلد شروع کئے جاسکیں۔انہوں نے جگٹی ٹاؤن شِپ میں جاری تجدیدی کام مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ شوراتری میلے کے دوران لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ کے دوران ریلیف اور ری ہیبلی ٹیشن محکمہ میں اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا گیا۔ریلیف کمشنر( مائیگرینٹس) جموں، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈائریکٹر فائنانس اور متعلقہ محکموں کے افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
مائیگرنٹوں کیلئے معیاری بنیادی ڈھانچہ
